پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے کہا ہے کہ بلوچستان میں اب تک سیلاب سے 336 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے بلوچستان میں مون سون بارشوں سے ہونے والے نقصانات سے متعلق رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں اب تک بارشوں اور سیلاب سے 336 افراد جاں بحق ہوئے ہیں؛ جاں بحق افراد میں 149 مرد، 80 خواتین اور 107 بچے شامل ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ اموات کوئٹہ، ژوب، بولان، دکی، خضدار، سبی، کوہلو، مستونگ، ہرنائی اور قلعہ سیف اللہ میں ہوئیں۔
پی ڈی ایم اے نے کہا کہ بارشوں سے زخمی ہونے والوں کی تعداد 187 ہے، سیلاب سے 75 ہزار مکانات منہدم اور ایک لاکھ 50 ہزار مکانات کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔
رپورٹ کے مطابق سیلابی صورتحال سے 54 پلوں اور 2 ہزارکلو میٹر سے زائد شاہراہ متاثر ہوئی ہے اور 5 لاکھ کے قریب مویشی ہلاک ہوئے ہیں۔
ادارے نے کہا کہ پی ڈی ایم اے اور پاک فوج کی جانب سے متاثرہ اضلاع میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، امدادی سرگرمیاں جعفر آباد، سبی، جھل مگسی، صحبت پور، کچھی اور نصیر آباد میں جاری ہیں۔