وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کشمیر کی انتخابی مہم چھوڑ کر فرار ہو چکے، بہت جلد مریم نواز بھی کشمیر میں الیکشن مہم سے راہِ فرار اختیار کر لیں گی۔
شہباز شریف کی پریس کانفرنس کے جواب میں وفاقی وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے وفاقی وزیر حماد اظہر اور مشیرِ احتساب شہزاد اکبر کے ہمرا ہ پریس کانفرنس میں کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف کو خود پر لگے الزامات کا جواب ایف آئی اے کو دینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان میں ہم امن میں تو حصے دار ہوں گے لیکن جنگ میں حصے دار نہیں بنیں گے، وزیرِ اعظم عمران خان کے مؤقف کی تمام سیاسی جماعتوں نے حمایت کی۔
واد چوہدری کا کہنا ہے کہ کشمیر میں انتخابی مہم چل رہی ہے، تحریکِ انصاف کی پوزیشن مستحکم ہے، دوسری کوئی سیاسی جماعت تمام نشستوں پر امیدوار بھی کھڑے نہیں کرسکی، نون لیگ نے کشمیر کے الیکشن میں دھاندلی کا شور ابھی سے مچانا شروع کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مریم بی بی جو الیکشن کمپین کر رہی ہیں، ان کے پاس کوئی پالیسی نہیں۔
فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ توقع تھی کہ شہباز شریف ایف آئی اے میں طلبی والے کیس پر کوئی روشنی ڈالیں گے، جب ان سے پوچھتے ہیں کہ آپ کے اکاؤنٹ سے اتنے پیسے نکلے تو وہ کہتے ہیں میں نے میٹرو بنائی۔
وفاقی وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور نون لیگ میں ایک چیز یکساں ہے، جو پیسہ ان کو دیا گیا وہ لندن، دبئی اور فرانس سے برآمد ہوا، عمران خان کا کرپشن کا بیانیہ اس لیے اہم ہے کہ اربوں روپے چوری کرکے باہر لے جائے گئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہباز شریف کو اپنے اوپر لگے الزامات کا جواب میڈیا اور ایف آئی اے کو دینا چاہیے، مگر شہباز شریف جواب دینے کے لیےتیار ہی نہیں ہیں۔
فواد چوہدری کا یہ بھی کہنا ہے کہ نیب اب تک 427 ارب روپے ریکور کر چکا ہے، چیف جسٹس پاکستان سے اپیل ہے کہ ہائی پروفائل کیسوں کی سماعت براہِ راست نشر کی جائے۔