سینئر رہنما پاکستان تحریک انصاف زرتاج گل نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو پہلے انسان بنیں پھر سیاستدان بنیں۔
تفصیلات کے مطابق شازیہ مری کی گفتگو پر پاکستان تحریک انصاف کی رہنما زرتاج گل نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ شازیہ مری جیسی غلام و مفلوج ذہنیت والی خاتون سے خیر کے کلمات کی توقع نہیں کی جا سکتی۔
زرتاج گل نے کہا کہ بلاول بھٹو کو پہلے خود انسان بننا چاہیے، ابھی وہ سیاست میں بونا ہے، اس کی اپنی کوئی حیثیت نہیں۔
عمران خان نے ساری عمر انسانیت کی بھلائی کے لئے کام کیا
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ساری عمر انسانیت کی بھلائی کے لئے کام کیا، زرداری مافیا نے کبھی عوام کی خدمت کی نہ ایک لمحے کے لئے ایسا سوچا۔
زرتاج گل سندھ میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ پر درجنوں پرچے کئے، زیر حراست پریشان کیا جا رہا ہے، کیا وہاں انسانیت مر گئی ہے؟
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی نااہلی اور بدانتظامی کی بدولت صوبہ تباہ کن سیلاب کا شکار ہوا، سندھ میں انسانیت اور غیرت سے عاری زرداری مافیا نے تباہی مچا رکھی ہے۔
پورے ملک کے بعد اب سندھ میں ڈاکوؤں سے نجات کی باری ہے
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ سندھ حکومت کے وزیر سیلاب زدگان کا تماشہ بنا رہے ہیں اور بلاول ڈرامے کر رہا ہے، پورے ملک کے بعد اب سندھ میں ڈاکوؤں سے نجات کی باری ہے۔
زرتاج گل نے کہا کہ عمران خان جلد سندھ آرہے ہیں اور عوام کے ساتھ مل کر چوروں کو سیاست سے بے دخل کر دیں گے، زرداری اور کرپٹ ٹولے کی اب سندھ تو کیا پورے پاکستان میں کوئی عزت نہیں۔