ملک کے مختلف شہروں میں بجلی بحران کے بعد کراچی کو پانی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کرچی میں بجلی کے بریک ڈاؤن کی وجہ سے تمام پمپنگ اسٹیشن کے فیڈرز ٹرپ ہو گئے جس کے باعث شہر میں پانی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔
واٹر بورڈ حکام کے مطابق شہرِ قائد میں بجلی کے بریک ڈاؤن کے باعث دھابیجی پمپنگ اسٹیشن سے کراچی کو پانی کی فراہمی مکمل طور پر بند ہوگئی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ کراچی کو 23 پمپس کے ذریعے پانی فراہم کیا جاتا ہے، گجو کینال کے 14 پمپس، کے ٹو کے 3 پمپس اور کے تھری کے 4 پمپس مکمل بند ہوگئے ہیں، ان پمپس سے کراچی کو 540 ملین گیلن فراہم کیا جاتا ہے۔
ذرائع واٹر بورڈ کا مزید کہنا ہے کہ بجلی کے بریک ڈاؤن کے باعث کراچی کو پانی کی فراہم کرنے والی پائپ لائن نمبر 5 پھٹ گئی ہے جس کی وجہ سے کراچی کو اس وقت پانی کی سپلائی زیرو ہے۔
سندھ بھر میں بجلی کہاں کہاں معطل؟
کراچی کے علاوہ سندھ کے دیگر شہروں حیدر آباد، جامشورو، ٹھٹھہ، سجاول، بدین، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈوالہٰیار، میر پور خاص، عمر کوٹ، سانگھڑ، نواب شاہ، مٹیاری، تھرپارکر، کشمور، جیکب آباد، شکار پور، لاڑکانہ، دادو میں بھی بجلی کا بریک ڈاؤن ہوا ہے۔
واپڈا کے ایگزیکٹو انجینئر شاہ محمد باچکانی کے مطابق سندھ بھر میں بجلی کی سپلائی بند ہے، گڈو تھرمل پاور ہاؤس میں فنی خرابی کے باعث 6 یونٹ ٹرپ ہو گئے ہیں۔
ترجمان حیسکو نے بتایا کہ حیدرآباد میں 9 بجکر 32منٹ پر پاور فریکوینسی کم ہوئی جس پر بجلی بند کردی گئی، حیسکو ریجن 13اضلاع میں بجلی کی فراہمی بند ہے۔
ترجمان حیسکو کا کہنا ہے کہ نیشنل گریڈ سے سپلائی بحال ہونے پر ریجن میں بجلی بحالی کا عمل شروع ہوگا۔
کے الیکٹرک نے بجلی کی بحالی کیلئے 5 گھنٹے کا وقت دے دیا
کے الیکٹرک ڈھائی گھنٹے گزرنے کے بعد بجلی کی بحالی کے لئے 5 گھنٹے کا وقت دے دیا ہے۔
ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ وزارتِ توانائی کے مطابق ٹرانسمیشن سسٹم میں فالٹ سے مختلف شہروں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوئی۔
ترجمان نے بتایا کہ کے ای سے منسلک علاقوں میں بھی فراہمی متاثر ہونے کی خبر موصول ہوئی ہیں۔
ترجمان کے الیکٹرک کا مزید کہنا ہے کہ بجلی کی بحالی کا عمل جاری ہے، مکمل بحالی میں اندازاً 5 گھنٹے لگ سکتے ہیں۔