مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ باہر کے فتنے اتنے خطرناک نہیں ہوتے جتنے اندر کے ہوتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کنونشن سینٹر اسلام آباد میں رحمۃ اللعالمین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ رسول اللہ تمام کائنات کے لئے رحمۃ العالمین ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسلمان کی رسول سے محبت کی کوئی حد نہیں، آج آپ علیہ السلام اتنی بڑی امت کے ساتھ زندہ ہیں کہ یہ اعزاز کسی اور امت کو حاصل نہیں، یہ ایک زندہ امت ہے۔
جے یو آئی سربراہ نے یہ بھی کہا کہ ہم سازشوں کو جانتے ہیں اور ایسا جانتے ہیں کہ کوئی مولوی بھی آپ پر پردہ نہیں ڈال سکتا، یہ مذہب کا نہیں مذہب اسلام کا دشمن ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ باہر کے فتنے اتنے خطرناک نہیں ہوتے جتنے اندر کے ہوتے ہیں، ہم نے شرح صدر سے فیصلے کئے اس میں کسی ابہام کی گنجائش نہیں جبکہ جو جنگ شروع کی ہے وہ جاری رہے گی۔
مولانا فضل الرحمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ جو اسرائیل کو تسلیم کرنے کی بات کرے گا تو بھڑوں کے چھتے میں ہاتھ ڈالے گا، مسلمان کی شناخت یہی ہونی چاہیے کہ وہ فلسطین کی آزادی کی بات کرے۔
جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ ہم اجتماعی فتنوں کا مقابلہ کرتے ہیں، سیاست میں تب ہی کامیابی ہے جب آپ کے پاس طاقت ہے۔