ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ایمرجنسی ریسپانس سینٹر 1122 کی رینوویشن و اپ گریڈیشن کا افتتاح کردیا۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کراچی انسٹی ٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیز پہنچے جہاں انہوں نے کے آئی ایچ ڈی میں ایمرجنسی ریسپانس سینٹر 1122 کی رینوویشن و اپ گریڈیشن کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر مشیر بحالیات رسول بخش چانڈیو اور ایم سی کے ایم سی انکے ہمراہ تھے۔
اس حوالے سے ایڈمنسٹریٹر کراچی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایمرجنسی سینٹرز کو مزید فعال کیا جارہا ہے، کوشش ہے کہ شہر بھر کے اسپتالوں میں ایمرجنسی سینٹرز قائم کیے جائیں۔
‘بلاول بھٹو کے وژن کے مطابق کام کررہے ہیں’
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ آج ہم نے یہاں 1122کے ساتھ باہمی تعاون شروع کیا ہے، قومی ادارے کایونٹ یہاں قائم کردیا گیا ہے، بلاول بھٹو کے وژن کے مطابق کام کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 230 نئی جدید سہولیات سے آراستہ ایمبولینسز کا آغازکیا ہے، اس میں عملہ بھی ہوتا ہے، ہم کراچی شہر میں پہلا ایمرجنسی ریسپانس سینٹر آج سے شروع کررہے ہیں، 14 بیڈز کے ساتھ آکسیجن اور دیگرسہولیات فراہم کی گئی ہے۔
‘ایمرجنسی ریسپانس سینٹر1122 اب آگ کے واقعات کو بھی ریسکیو کرے گا’
ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ بلدیہ کراچی اور پی ڈی ایم اے کا معاہدہ ہوا ہے، اب ایمرجنسی ریسپانس سینٹر 1122 آگ کے واقعات کو بھی ریسکیو کریگا، 1122 کو کال کرکے ایمبولینس کے ساتھ فائرٹینڈرز بھی کال کرسکتے ہیں۔
انکا کہنا ہے کہ وائرلیس نیٹ ورک کو بھی پی ڈی ایم اے بہتر کر کے دے گا، 1122 کو میڈیکل فائر اور پولیس ایمرجنسی سے کنیکٹ کیا جارہا ہے، بارشوں میں ایمرجنسی کی صورت میں کس طرح نمٹا جائے اس کے لئے اسٹاف کی ٹریننگ کریں گے۔
‘بلدیہ عظمی کراچی نے 3 اضلاع میں اپنے کیمپس قائم کردیئے’
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے 24 اضلاع میں یہ سروس شروع کرنے کی منظوری دی ہے، ہم سب ذمہ داری کے ساتھ کام کریں سیاست بنتی رہے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلدیہ عظمی کراچی نے تین اضلاع میں اپنے کیمپس قائم کئے ہیں، پہلی ترجیع انسانی جانوں کو بچانا ہے، 1038لوگ بارشوں سے جاں بحق ہوگئے ہیں، ہمیں سیاست نہیں دکھی انسانیت کی خدمت کرنے کی ضرورت ہے۔