ایل پی جی کی قیمت میں 6 روپے فی کلو کمی ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اوگرا نے ماہ ستمبر 2022 کیلئے نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے اعلان کیا کہ ایل پی جی کی قیمت میں 6 روپے فی کلو کمی آئی ہے، ایل پی جی کی نئی قیمت 212 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق گھریلو سلنڈر کی قیمت 2496 روپے اور کمرشل سلنڈر 9604 روپے مقرر کر دی گئی ہے۔
چیئرمین ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن پاکستان عرفان کھوکھر نے تمام ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز کو کہا کہ اوگرا کی مقرر کردہ قیمت پر خرید وفروخت کریں تاکہ غریب ایل پی جی صارفین کو اوگرا کی مقرر کردہ قیمت پر ایل پی جی دستیاب رہے۔
عرفان کھوکھر نے کہا کہ ایل پی جی غریب کا فیول ہے جو کہ اس کی پہنچ سے بہت دور ہو گیا ہے، غریب صارفین کو سستی ایل پی جی فراہم کرنے کیلئے قیمت میں مزید کمی واقع کی جائے اور ایل پی جی انڈسٹری کی بہتری کیلئے ایل پی جی پالیسی مرتب کی جائے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ایل پی جی انڈسٹریز ایسوسی ایشن پاکستان کے فارمولے کے تحت حکومت سرکاری خزانے سے کچھ دیے بغیر ایل پی جی کی قیمت میں 50 فیصد تک کمی لا سکتی ہے جس سے سرکاری خزانے پر کوئی بوجھ نہیں پڑے گا۔