اگلا ہدف سندھ ، آزاد کشمیر حکومت میںاحتساب اور شفاقت قائم کرینگے : وزیراعظم

آزادکشمیر الیکشن میں کامیابی پر وزیراعظم عمران خان نے کشمیری عوام کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف پراعتماد کرنے پرآزاد کشمیرکےعوام کا شکر گزار ہوں، انتخابات میں کامیاب ہونے والے تمام امیدواروں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، کشمیری عوام کو غربت سے نکالنے کیلئے احساس اور کامیاب پاکستان پروگرام پر توجہ دیں گے،وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ حکومت میں احتساب اور شفافیت ممکن بنانے کیلئے ہر اقدام کرینگے، کشمیر کا سفیر ہونے کی بنا پر تمام عالمی فورمز پر کشمیر کی آوازا ٹھاتا رہوں گا۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کی بندرگاہیں سی پیک کے ذریعے اہم تجارتی راستوں کی بنیاد رکھیں گی۔ وزیرِ اعظم عمران خان سے مشیرِ تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق داؤد نے ملاقات کی اور وزیرِ اعظم کو ازبکستان دورے کے بعد باہمی تعاون و تجارت کے معاہدوں پر پیش رفت اور سرمایہ کاروں کی طرف سے مثبت نتائج کی پیش گوئی سے آگاہ کیا۔ مشیرتجارت نے وزیرِ اعظم کو باقی وسطی ایشیائی ریاستوں، بالخصوص تاجکستان کے متوقع دورے کی حکمتِ عملی اور اس سے سرمایہ کاری اور تجارت کے حوالے سے حاصل ہونے والے نتائج سے بھی آگاہ کیا، اور رواں ہفتے سرمایہ کاری بورڈ کے اجلاس اور رواں ماہ مختلف چیمبرز آف کامرس کے متوقع اجلاس اور اس کی حکمتِ اعملی پر بھی بریفنگ دی۔ لس موقع پر وزیرِ اعظم عمران خان نے وسطی ایشیائی ریاستوں سے تجارتی تعلقات کے استحکام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان بشمول ان ریاستوں کے خطے بھر کو سمندر تک رسائی فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، مستقبل قریب میں پاکستان کی بندرگاہیں سی پیک کے ذریعے اہم تجارتی راستوں کی بنیاد رکھیں گی۔ وزیرِ اعظم نے وزارتِ تجارت اور سرمایہ کاری بورڈ کی تاریخ میں پہلی دفعہ وسطی ایشیائی ریاستوں سے تجارتی تعلقات بڑھانے کو ترجیح دینے کی کوششوں کو سراہا۔ وزیراعظم نے آزاد کشمیر کے بعد سندھ کو سیاسی ہدف بنانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے وہ اگست میں سندھ کے دورے کریں گے اور اہم شخصیات کو تحریک انصاف میں شمولیت کی دعوت دیں گے۔ وزیراعظم کی زیر صدارت سندھ کی سیاسی صورتحال سے متعلق اجلاس منعقد ہوا جس میں وفاقی وزرا شاہ محمود قریشی، اسد عمر، گورنر سندھ عمران اسماعیل، رکن سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ سمیت گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس کے رہنما ارباب غلام رحیم نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سندھ اسٹریٹجی کمیٹی کا چوتھا اجلاس اگلے ہفتے اسلام آباد میں ہوگا، سندھ میں وفاقی حکومت کے سیاسی و انتظامی اثرات قائم کیے جائیں گے۔ اجلاس میں آزاد کشمیر کے بعد اب صوبہ سندھ کو سیاسی ہدف بنانے کا فیصلہ کیا گیا اور طے کیا گیا کہ وزیر اعظم عمران خان اگست کے مہینہ سے سندھ کے دورے کریں گے، اس دوران سندھ کی اہم شخصیات کو پی ٹی آئی میں شرکت کی دعوت دی جائے گی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزیر اعظم عمران خان سندھ کے دانشوروں وکلا تنظیموں اور سول سوسائٹی سے بھی رابطے کریں گے۔
وزیراعظم