اپوزیشن جماعتوں نے پارلیمنٹ کے بجٹ سیشن میں حکومت کے خلاف مشترک جدوجہد پر اتفاق کرتے ہوئے حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کرلیا۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے پارلیمانی لیڈرز کے اعزاز میں اپنی رہائش گاہ پر عشائیہ دیا۔ عشایے میں راجہ پرویز اشرف، یوسف رضا گیلانی، مولانا سعد، مولانا عطا الرحمان، شاہدہ اختر، طاہر بزنجو، اسعد محمود، غفور حیدری، میر حیدر ہوتی، احسن اقبال، خواجہ سعد رفیق سمیت دیگر اہم رہنما شریک ہوئے۔
شہباز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی معاشی و اقتصادی صورتحال اچھی نہیں، حکومت ہر شعبے میں بری طرح ناکام ہوچکی، ملکی مفاد کی خاطر موجودہ حکومت کے خلاف مل کر چلنا ضروری ہے، بجٹ میں عوام کو بہت زیادہ مشکلات کا سامنا کرنا ہوگا، بجٹ سیشن میں حکومت کو ٹف ٹائم دیا جانا چاہیے، حکومت احتساب کے نام پر سیاسی انتقام لے رہی ہے۔
اسعد محمود نے پی ڈی ایم پلیٹ فارم پر مل کر چلنے کی بات کی اور کہا کہ پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے بھرپور احتجاجی تحریک وقت کی ضرورت ہے۔