پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے حکمران جماعت پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کے انتخابات میں کھلم کھلا دھاندلی ہوئی اور ایک وزیر پیسے بانٹ رہا تھا اور فائرنگ کی گئی۔ وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہماری حکمت عملی اب تک کامیاب ثابت ہوئی ہے، جس میں پی پی پی کا سیاسی فیصلہ تھا کہ ضمنی انتخابات میں جانا ہے اور ان کا مقابلہ کرنا ہے تو ان سارے انتخابات میں پی پی پی اور اپوزیشن جیتی اور عمران خان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اس سوچ کو رد کرتے ہوئے تجویز دی تھی کہ جب گلگت میں انتخابات ہوں تو وہاں مداخلت نہ کریں اور کشمیر میں روایت ہے کہ کون سی جماعت اقتدار حاصل کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام حالات کے باوجود میں گلگت، اسکردو اور کشمیر میں گیا اور پی پی پی کے جیالے پہاڑوں میں جدوجہد کر رہے ہیں اور نظریے کو آگے لے کر چل رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر میں جس طرح کھلے عام اور جس تشدد سے دھاندلی ہو رہی تھی، سب نے دیکھا، پاکستان کا ایک وزیر وہاں پیسے بانٹ رہا تھا اور فائرنگ کر رہا تھا اور اُمیدواروں پر قاتلانہ حملے ہوئے ہیں۔ چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ اس کے باوجود پیپلز پارٹی اپوزیشن کی بڑی جماعت بن کر سامنے آئی ہے، ہم کشمیر میں ان کو مشکلات سے دوچار کر رہے ہیں اور یہاں کراچی میں بھی ان کو شکست دی ہے۔ کارکنوں کو مخاطب کرکے انہوں نے کہا کہ جس طرح آپ نے کراچی میں بلوچ صاحب کے انتخاب میں پی ٹی آئی کو عبرت ناک شکست دی تھی اور قادر مندوخیل کے الیکشن میں بھی پی ٹی آئی اور دیگر کو عبرت ناک شکست دی تھی اسی طرح اب اس جدوجہد کو ہمارے ساتھ آگے لے کر چلنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے سامنے مقامی حکومتوں کے انتخابات ہیں، کسی بھی وقت عام انتخابات ہوسکتے ہیں، اس کے لیے پی پی پی کو اب سے تیاری شروع کرنی چاہیے۔