آرمی چیف سے تاجک وزیر دفاع کی ملاقات، افغان صورتحال پر گفتگو

آرمی چیف سے تاجک وزیر دفاع نے ملاقات کی جس میں افغان صورتحال پر گفتگو کی گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سے تاجکستان کے وزیردفاع کرنل جنرل شیرالی مرزو نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور ، مجموعی طور پر علاقائی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔

آرمی چیف اور تاجکستان کے وزیردفاع نے افغانستان کی حالیہ پیشرفت خصوصاً تاجک افغان سرحد پر صورتحال اور دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

جنرل قمرجاوید باجوہ نے علاقائی رابطے کے فروغ کے لئے تاجکستان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان تاجکستان کے ساتھ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور اپنے برادرانہ تعلقات کی قدر کرتا ہے، دونوں ممالک کے مابین برادرانہ تعلقات امن ، سلامتی ، ثقافت اور ہم آہنگی پر مبنی ہیں۔

آرمی چیف نے علاقائی رابطے کے فروغ کے لئے تاجکستان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد علاقائی امن اور استحکام کے حوالے سے دونوں ممالک کا یکساں موقف ہے۔

تاجک وزیردفاع نے دونوں برادر ممالک کے مابین بہتر تعلقات کے لئے کام جاری رکھنے کے عزم کااعادہ کرتے ہوئے علاقائی امن و استحکام باالخصوص افغان امن عمل کے لئے پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا۔