اسلام آباد: آئی ایم ایف نے پاکستان میں مہنگائی اور بے روزگاری بڑھنے کا خدشہ ظاہر کردیا ہے۔
انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) نے ورلڈ اکنامک آؤٹ لُک رپورٹ جاری کردی ہے جس میں خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ پاکستان میں مہنگائی اور بے روزگاری بڑھے گی جب کہ شرح نمو کا ہدف حاصل نہیں ہوگا۔
آئی ایم ایف کے مطابق پاکستان میں بے روزگاری کی شرح گزشتہ سال کی نسبت بڑھے گی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رواں مالی سال پاکستان میں بے روزگاری کی شرح 6.4 فیصد تک ہوسکتی ہے جب کہ گزشتہ مالی سال پاکستان میں بے روزگاری کی شرح 6.2 فیصد تھی۔
آئی ایم ایف نے رواں مالی سال معاشی گروتھ 3.5 فیصد رہنے کی پیشنگوئی کی ہے جب کہ پاکستان میں رواں مالی سال مہنگائی کی شرح 19.9 فیصد رہنے کا امکان ہے۔
آئی ایم ایف کا رپورٹ میں مزید کہنا تھا کہ رواں مالی سال کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 2.5 فیصد تک رہ سکتا ہے۔