انگلینڈ کے 583 رنز کے جواب میں پاکستان کے 5 بلےباز آؤٹ

پاکستان نے بلے بازوں کی غیرذمہ دارانہ کارکردگی کے باعث انگلینڈ کے خلاف آخری میچ کی پہلی اننگز میں 5 وکٹوں پر 101 رنز بنالیے۔ ساؤتھمپٹن میں کھیلے جارہے سیریز کے آخری ٹیسٹ کے تیسرے روز جب پاکستانی ٹیم نے بیٹنگ شروع کی تو وہ بابراعظم سمیت ابتدائی 3 بلے بازوں سے محروم ہوچکی تھی۔ کپتان اظہرعلی کا ساتھ دینے کے لیے تجربہ کار بلے بازاسد شفیق میدان میں آئے اور دونوں بلے بازوں نے صرف 6 رنز کی شراکت کی۔

اسد شفیق ایک مرتبہ پھر ناکام ہوئے اور 5 رنز بنا کر جیمزاینڈرسن کی گیند پر جوروٹ کو کیچ دے گئے۔ سیریز کے دوسرے میچ میں ناکام رہنے والے فواد عالم آخری ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں بھی خاطر خوا کارکردگی نہ دکھا سکے تاہم دوہرے ہندسے کو عبور کرنے میں کامیاب ہوئے۔ فوادعالم 21 رنز بنا کر75 رنز کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے جبکہ چھٹی وکٹ میں 45 رنز کا اضافہ ہوا۔

پاکستان نے 5 وکٹوں پر 100 رنزبنالیے ہیں۔ کپتان اظہر علی 40 اور محمد رضوان 9 رنز بنا کر کھیل رہے ہیں۔ قبل ازیں گزشتہ روز انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز 8 وکٹوں پر 583 رنز بنا کر ڈیکلیئر کردی تھی۔ انگلینڈ کے زیک کرالی نے 267 رنز کی شان دار اننگز کھیلی تھی اور ان کے ساتھ ساتھ جوز بٹلر نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی دوسری سنچری کرنے کے بعد 152 رنز کی اننگزکھیلی۔ جواب میں پاکستان نے کھیل کے اختتام تک 3 وکٹیں کھو کر 24 رنز بنائے تھے اور تینوں وکٹیں جیمز اینڈرسن نے حاصل کرلی تھی۔

خیال رہے کہ انگلینڈ نے پاکستان کو سیریز کے پہلے میچ میں 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی ہے۔ سیریز کا دوسرا میچ میں بارش سے متاثر ہوا تھا اورانگلینڈ کی ٹیم اپنی پہلی اننگز بھی مکمل نہیں کرپائی تھی جس کے باعث میچ کو برابری پر ختم کردیا گیا تھا۔