پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے 20رکنی حتمی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے جس میں سرفراز احمد اور فواد عالم کے ساتھ ساتھ وہاب ریاض شامل ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ اور ٹی20 میچوں کی سیریز اور طویل دورے کے پیش نظر 29رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا تھا۔
قومی ٹیم مینجمنٹ نے انگلینڈ کے خلاف 5اگست سے شروع ہونے والی سیریز کے لیے 20رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے جس میں افتخار احمد کو شامل نہیں کیا گیا۔
گزشتہ سال قیادت سے برطرفی کے بعد ٹیم سے بھی باہر کیے گئے وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد بھی مذکورہ اسکواڈ کا حصہ ہیں لیکن ان کی ٹیم میں شمولیت کا امکان کم نظر آتا ہے کیونکہ محمد رضوان اولین ترجیح ہیں اور ٹیسٹ میچ میں دو وکٹ کیپرز کے ساتھ میدان میں اترنا بعیدازقیاس نظر آتا ہے۔
20رکنی ٹیم میں یاسر شاہ اور شاداب خان کے ساتھ ساتھ کاشف بھٹی بھی موجود ہیں لیکن ان دونوں پر بائیں ہاتھ کے اسپنرز کو ترجیح دیے جانے کا کوئی امکان نہیں۔
ایسی صورت میں یاسر شاہ کے ہمراہ فواد عالم بطور اسپن باؤلنگ آپشن مفید ثابت ہو سکتے ہیں۔
انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کے لیے اعلان کردہ قومی اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔
اظہر علی(کپتان)، بابر اعظم، عابد علی، اسد شفیق، شان مسعود، امام الحق، محمد رضوان، سرفراز احمد، فواد عالم، شاداب خان، یاسر شاہ، کاشف بھٹی، فہیم اشرف، عمران خان سینئر، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، محمد عباس، سہیل خان، عثمان شنواری اور وہاب ریاض۔