امید ہے سپریم کورٹ کی طرف سے مطمئن کرنے والا فیصلہ آئے گا، آصف زرداری

پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کی طرف سے امید ہے مطمئن کرنے والا فیصلہ آئے گا۔ ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس 3 گھنٹے سے زائد جاری رہا جس میں وزیراعظم، ڈپٹی اسپیکر کی طرف سے آئین شکنی کی سخت مذمت کا اظہار کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ عمران خان نے یہ ’’کو‘‘ کیا ہے، غیر آئینی اقدام کسی صورت برداشت نہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی سی ای سی کی طرف سے سپریم کورٹ میں جاری سماعت پر بھی مشاورت کی گئی، پیپلز پارٹی کی قانونی ٹیم نے سی ای سی اجلاس میں سپریم کورٹ میں جاری سماعت سے متعلق بریفنگ دے دی۔اجلاس میں یوم نجات سمیت آئینی شکنی پر احتجاج کی تجویز دی گئی۔ ذرائع کے مطابق آصف زرداری نے کہا کہ صدر نے بھی آئین شکنی کی، آئین توڑنے والوں کو سزا ملنی چاہئے ، سپریم کورٹ کی طرف سے امید ہے مطمئن کرنے والا فیصلہ آئے گا، عمران خان نے پارلیمنٹ پر ’’کو‘‘ کیا ہے۔