امپورٹڈ حکومت کو عوام کے درد کی کوئی پروا نہیں ہے، حسین الٰہی

حسین الٰہی نے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت کو عوام کے درد کی کوئی پروا نہیں ہے۔

تفصیلات کے مطابق چودھری وجاہت حسین اور چودھری حسین الٰہی نے مسلم لیگ راولپنڈی کی تنظیمی عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ملک، صوبے اور عوام کی فلاح وبہبود کیلئے کوشاں ہے۔

چودھری حسین الٰہی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی جب بھی صوبے میں ڈیلیور کرنے کا سوچتے ہیں تومرکز سے رکاوٹیں کھڑی کر دی جاتی ہیں، امپورٹڈ حکومت کو عوام کے درد کی کوئی پروا نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ مریم صفدر کہتی تھیں کہ پٹرول کی قیمت بڑھنے سے دل خون کے آنسو روتا ہے لیکن بند کمروں میں شہباز شریف کو کہتی رہیں کہ پٹرول کی قیمت بڑھا دیں، اب مریم صفدر کا عوام کیلئے درد کہاں گیا؟ جبکہ اتنے زیادہ بجلی کے بلوں اور مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے۔

حسین الٰہی نے کہا کہ یہ لوگ اقتدار میں ہوں تو مزے لوٹتے ہیں اور اقتدار میں نہ ہوں تو لندن بھاگ جاتے ہیں، پیپلز پارٹی والے ایسے شخص کو وزیراعظم بنانا چاہتے ہیں جسے یہ نہیں پتہ کہ انڈے درجن میں بکتے ہیں یا کلو میں بکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک ایسے لوگوں کے ہاتھوں میں نہیں دے سکتے جو پچھلے تیس سالوں سے ملک اور عوام کو لوٹ رہے ہیں، ان کے کاروبار اور اولاد سب بیرون ملک ہیں، ڈالر کی قیمت بڑھنے سے انہیں کوئی فرق نہیں پڑتا بلکہ ان کے ذاتی سرمایہ میں اضافہ ہو جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وقت آ گیا ہے کہ عوام اپنے ملک اور بچوں کے بہتر مستقبل کیلئے باہر نکلیں اور اپنی آواز بلند کریں، جب عمران خان نے لانگ مارچ کی کال دیں تو ہم نے متحد ہو کر باہر نکلنا ہے۔

چودھری حسین الٰہی نے مزید کہا کہ پاکستان مسلم لیگ نے ہر دور میں مشکل حالات کا سامنا کیا ہے اور ہمیشہ سرخرو ہوئے ہیں، راولپنڈی کی تنظیم ہمارے پیچھے دیوار بن کر کھڑی ہے انشاء اللہ ہم بھی اپنے مخلص کارکنوں کو کبھی اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔

 اس موقع پر چودھری وجاہت حسین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کارکنوں کو ساتھ لے کر چلنا اور انہیں آ گے بڑھنے کا موقع دینا چودھری پرویز الٰہی کی سیاست کا نصب العین ہے۔

انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کیلئے ہم نے قربانیاں دیں انہوں نے ہی مسلم لیگ کا بیڑا غرق کیا، ایسے لوگوں کو عنقریب حلقے سے جوتے پڑیں گے اور ان کی ضمانتیں بھی ضبط ہوں گی۔

  ان کا کہنا تھا کہ جو سمجھتے ہیں کہ عمران خان اور پرویزالٰہی کے آپس میں اچھے روابط نہیں ہیں تو یہ ان کی بھول ہے، عمران خان اور ہمارا اتحاد انشاء اللہ قائم رہے گا۔

چودھری وجاہت حسین نے مزید کہا کہ راولپنڈی کی تمام تحصیلوں میں پاکستان مسلم لیگ کی تنظیموں کو مزید فعال بنائیں گے جبکہ ہمیں اپنی جماعت کی شناخت اور عمران اتحاد کو قائم رکھنے کیلئے مل کر آگے بڑھنا ہے۔

اجلاس میں چیئرمین وزیراعلیٰ شکایات سیل و ضلعی صدر راولپنڈی زبیر خان، نائب صدر راولپنڈی چودھری شہباز گوشی، جنرل سیکرٹری فیاض تبسم، ڈسٹرکٹ کونسل ممبرز راولپنڈی حاجی ارشد محمود، میڈم رفعت اور راولپنڈی کی تنظیم کے عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔

Best Car Accident Lawyer