امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی وزیر اعظم آزاد کشمیر تنویر الیاس سے ون آن ون ملاقات ہوئی ہے۔
ملاقات میں مسئلہ کشمیر، سیاحت، ہائیڈل اور روزگار سمیت دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ امریکی سفیر کوآزاد کشمیر میں سپیشل اکنامک زون، ڈرائی پورٹ کے قیام، سیاحت اور ہائیڈرل کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے حوالہ سے پرپوزل بھی پیش کیا گیا۔
اس موقع پر حکومت آزاد کشمیر کی طرف سے امریکہ سفیر کو دئے جانے والے پروپوزل میں ایس ایم ایز اور آرٹس اینڈ کرافٹس کے بزنس کے مواقعوں پر بھی بات چیت کی گئی اور انہیں بتایا گیا کہ اس وقت دنیا میں اس شعبہ کے اندر 600 ارب ڈالر کا بزنس کیا جارہا ہے۔
دوران ملاقات پروپوزل میں امریکی سفیر کو آزاد کشمیر میں ٹور ازم ریزارٹس اور برینڈ کے سکوپ سے آگاہ کیا گیا، جبکہ امریکی سفیر کو ویسٹ سے انرجی پیدا کرنے اور زراعت کے شعبوں میں ٹیکنالوجی کے تبادلے کی تجویز بھی دی گئی۔
اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر نے امریکن سفیر کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کی روک تھام اور کشمیریوں کے حق خودارایت کی طرف مبذول کراتے ہوئے امریکہ کے کردار پر بھی زور دیا۔