امبر ہرڈ کا جونی ڈیپ پر تشدد کا اعتراف بھی الزام بھی

ہولی وڈ اداکارہ امبر ہرڈ نے لندن کی ہائی کورٹ میں سابق شوہر جونی ڈیپ پر ایک بار تشدد کرنے کا اعتراف کرلیا۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق جونی ڈیپ کی جانب سے برطانوی اخبار ‘دی سن‘ کے خلاف دائر کیے گئے مقدمے کی سماعت کے دوران اپنا بیان ریکارڈ کرواتے ہوئے اداکارہ نے سابق شوہر کو مکے مارنے کا اعتراف کیا۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ مارچ 2015 میں لاس اینجلس کے ایک گھر میں انہوں نے اس وقت جونی ڈیپ کو مکا دے مارا تھا جب انہیں خدشہ ہوا کہ ان کا سابق شوہر اداکارہ کی بہن کو دھکا دے کر سیڑھیوں سے گرا دیں گے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے سابق شوہر کو اس وقت مکا مارا تھا جب وہ بحث کے دوران الجھ پڑے تھے اور انہیں یاد آیا کہ ماضی میں ان کے شوہر اپنی ایک گرل فرینڈ کو بھی سیڑھیوں سے دھکا دے چکے ہیں۔ جہاں امبر ہرڈ نے 22 جولائی کو اپنے بیان میں شوہر پر تشدد کا اعتراف کیا، وہیں 23 جولائی کو انہوں نے عدالت کو بتایا کہ سابق شوہر نے ان پر ایک بار شراب کی خالی بوتلوں سے ایسے حملہ کیا تھا جیسے وہ ان کی جانب دستی بم پھینک رہے ہوں۔

رائٹرز کی ایک اور خبر کے مطابق امبر ہرڈ نے 23 جولائی کو عدالت میں جونی ڈیپ پر مزید تشدد کے الزامات کو مسترد کیا اور کہا کہ انہوں نے اپنے سابق شوہر کی انگلی نہیں توڑی اور نہ ہی انہوں نے ان پر خالی بوتلیں پھینکیں۔

امبر ہرڈ نے عدالت کو بتایا کہ درحقیقت جونی ڈیپ نے آسٹریلیا میں ان پر دستی بموں کی طرح شراب کی خالی بوتلوں سے حملہ کیا اور انہوں نے اپنے دفاع کے لیے اداکار پر ان کی پھینکی بوتلیں ہی اچھالیں۔

امبر ہرڈ نے ان الزامات کو بھی مسترد کیا کہ انہوں نے جونی ڈیپ کے گال اور گردن پر سگریٹ سے انہیں زخم دیے۔

اداکارہ کے مطابق جونی ڈیپ ان کے سامنے ہی خود جلتے سگریٹ سے اپنا جسم جلاتے تھے اور یہ کہ ان کے سابق شوہر خود کو اذیت دینے کے عادی تھی، ان کا پورا جسم جھلسا ہوا رہتا تھا۔

اسی کیس میں 21 جولائی کو امبر ہرڈ نے سابق شوہر کی جانب سے ناجائز تعلقات کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے کبھی بھی ارب پتی ایلون مسک اور ساتھی اداکار جیمز فرانکو سے تعلقات نہیں رہے۔

امبر ہرڈ نے 20 جولائی کو بیان میں سابق شوہر پر ریپ کروانے کی دھمکیوں کے الزامات بھی عائد کیے تھے—فوٹو: رائٹرز

اس سے قبل لندن کی عدالت کو جونی ڈیپ نے بتایا تھاکہ ان کی سابق بیوی امبر ہرڈ نے شادی کے کچھ عرصے بعد ہی ایلون مسک اور جیمز فرانکو سے ناجائز تعلقات استوار کرلیے تھے۔

مذکورہ کیس میں 20 جولائی کو امبر ہرڈ نے عدالت کو بتایا تھا کہ انہیں سابق شوہر قتل اور دوسرے مرد حضرات سے ’ریپ‘ کروانے کی دھمکیاں بھی دیتے رہے ہیں۔

مذکورہ کیس میں امبر ہرڈ مزید ایک دن بیان ریکارڈ کروائیں گی جب کہ جونی ڈیپ اپنے بیانات مکمل کرواچکے ہیں۔

لندن ہائی کورٹ میں زیر سماعت مذکورہ کیس اگرچہ براہ راست امبر ہرڈ اور جونی ڈیپ کے درمیان نہیں ہے، تاہم اس کیس کا مرکزی نقطہ دونوں کے تعلقات، شادی اور دونوں میں تشدد کی وجہ سے طلاق ہیں۔

یہ کیس جونی ڈیپ کی جانب سے برطانوی اخبار دی سن کے خلاف 2018 میں دائر کیا گیا تھا۔

اداکار نے اپریل 2018 میں برطانوی اخبار ‘دی سن‘ کے خلاف جھوٹا مضمون لکھنے پر لندن کی عدالت میں مقدمہ دائر کیا تھا۔

’دی سن‘ نے اپنے مضمون میں جونی ڈیپ کو ’بیوی پر تشدد کرنے والا‘ شخص قرار دیتے ہوئے لکھا تھا کہ کس طرح جونی ڈیپ نے اپنی اہلیہ کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔

اسی کیس کی پہلی سماعت میں 7 جولائی کو جونی ڈیپ نے ایک بار پھر سابق بیوی امبر ہرڈ پر تشدد کے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے عدالت کو بتایا تھا کہ ان سے نصف عمر چھوٹی اداکارہ نے ایجنڈا کے تحت ان سے شادی کرکے دولت اور شہرت بٹوری۔

امبر ہرڈ نے 22 جولائی کو شوہر کی جانب سے ناجائز تعلقات کے الزامات کو بھی مسترد کیا تھا—فوٹو: رائٹرز

اداکار نے امبر ہرڈ پر تشدد کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ الٹا انہیں سابق بیوی تشدد کا نشانہ بناتی تھی۔

سات جولائی کے بعد جونی ڈیپ نے 14 جولائی تک اپنے بیانات اور حلف نامے مکمل کیے اور انہوں نے ہر سماعت میں امبر ہرڈ پر تشدد کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ سابق بیوی ان پر تشدد کرتی رہی ہیں۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ مذکورہ کیس کی سماعتیں رواں ماہ کے آخر یا آئندہ ماہ اگست کے شروع تک ختم ہوجائیں گی، جس کے بعد عدالت ممکنہ طور فیصلہ سنائے گی۔

واضح رہے کہ 57 سالہ جونی ڈیپ اور 34 سالہ امبر ہرڈ کے درمیان 2011 میں تعلقات استوار ہوئے تھے اور دونوں نے فروری 2015 میں شادی کی تھی۔

شادی کے محض 15 ماہ بعد ہی امبر ہرڈ نے شوہر پر تشدد کا الزام لگاتے ہوئے مئی 2016 میں طلاق کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا اور دونوں کے درمیان 2017 کے اوائل میں طلاق ہوگئی تھی۔