ضمنی انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن کی جانب سے قومی و صوبائی حلقوں میں تیاریاں مکمل کرلیں گئیں ہیں۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی اسمبلی پنجاب کے 3 اور قومی اسمبلی کے 8 حلقوں میں 16 اکتوبر 2022کو منقعد ہونے والے انتخابات کی تیاریاں مکمل ہوگئیں ہیں۔
تمام پولنگ مٹیریل،بیلٹ پیپرز، پولنگ بیگز اور پولنگ اسٹاف کو آج اپنے اپنے پولنگ اسٹیشنز پر مکمل سیکورٹی کے ساتھ پہنچایا جارہا ہے جبکہ پولنگ مٹیریل کی تقسیم کا کام 11 حلقوں میں صبح 8 بجے سے شروع ہوچکا ہے۔
سیکورٹی کے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں جبکہالیکشن کمیشن اسلام آباد میں مرکزی کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر کی ہدایات پر کراچی ، لاہور ، خیبر پختون خوا اور اسلام آباد میں متعلقہ افسران کنڑول روم سے پولنگ سامان کی ترسیل کے عمل کی نگرانی کر رہے ہیں ۔
تمام پریذائیڈنگ افسران آج شام کو پہنچ کر پولنگ اسٹیشن اور پولنگ بوتھ قائم کریں گے۔
یاد رہے کل 16 اکتوبر، 2022 بروز اتوار قومی اسمبلی کے آٹھ حلقوں (مردان ، چارسدہ، پشاور، فیصل آباد ، ننکانہ صاحب ، ملیر، کورنگی، کراچی، ملتان ) اور 3 صوبائی اسمبلی کے حلقوں ( شیخوپورہ، بہاولنگر، خانیوال ) میں پولنگ کا دن ہے ۔
علاوہ ازیں الیکشن کمیشن نے الیکشن کے دن کسی بھی نوعیت کی شکایت کو نمٹانے کے حوالے سے سنٹرل اور صوبائی سطح پر الگ الگ کنٹرول رومز قائم کر دیئے ہیں جو پولنگ کے دن صبح 7:00 بجے سے ابتدائی نتیجہ مرتب ہونے تک بلاتعطل کام کرتے رہیں گے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز الیکشن کمیشن کی جانب سے ضمنی انتخابات مقررہ وقت پر کرانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق قومی اسمبلی کے 8 اور پنجاب اسمبلی کے 3 حلقوں میں 16 اکتوبر کو پولنگ ہوگی جبکہ پاک فوج، رینجرز اور ایف سی کے اہلکار انتخابات کیلئے سیکیورٹی سرانجام دیں گے۔
اس حوالے سے الیکشن کمیشن نے وزارت داخلہ کو سیکیورٹی کیلئے تمام انتظامات کرنے کی ہدایت جاری کی گئیں۔