اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کو غیر جانبدار رہنا چاہئے، پیپلزپارٹی پر جھوٹے الزامات لگائے گئے، ان الزامات کے پیچھے کوئی شواہد نہیں ہیں، الیکشن کمیشن قوم کے سامنے فیصلہ لے کر آئے۔
انہوں نے کہا کہ نیب انتقامی کارروائیاں کرکے ہمارے لوگوں کو گرفتار کررہا ہے، پیپلزپارٹی اپنے ممبران کی گرفتاری پر فخر محسوس کرتی ہے، نیب کے افسران کو اپنے اثاثے ظاہر کرنے چاہئیں، پورے پاکستان کو معلوم ہوگا کہ اصل میں کرپٹ کون ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ نیب پوری اپوزیشن کے خلاف متحرک ہے، 18ویں ترمیم کے خلاف سازش چل رہی ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ ہم نے اپنے دور میں دفاعی بجٹ میں بھی اضافہ کیا تھا، حکومت کو عوام کی کوئی فکر نہیں ہے، 2008 سے 2013 کا دور بہت زبردست تھا، وہ دور غریب عوام کے لیے بہت اچھا تھا، حکومت نے عوام کو گیس سے محروم رکھا ہوا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بلاول بھٹوزرداری نے کہا ہے کہ مزدوروں کو ایک ہزار چوبیس فلیٹ مفت تقسیم کیے جائیں گے، اس کے علاوہ بینظیر مزدور کارڈ کا اجرا بھی جلد کیا جائے گا۔