چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاکستان امن و استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کر رہا ہے جبکہ ہمیں آپریشن ردالفساد کی کامیابیوں کو بے اثر کرنے کی کوشش کرنے والوں سے چوکنا رہنا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کےمطابق ‘آرمی چیف نے شمالی وزیرستان کے سیکٹر دواتوئی میں پاک-افغان سرحد پر مؤثر کارروائیوں میں مصروف جوانوں سے ملاقات کی’۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ‘پاک-افغان سرحد میں حالیہ کارروائیوں سے دہشت گردوں کے زیر استعمال رہنے والے بعض ٹھکانوں پر قبضے کو یقینی بنایا گیا جہاں سے مقامی افراد اور سیکیورٹی تنصیبات کو نشانہ بنایا جاتا تھا’۔
کارروائیوں کے حوالے سے بیان میں کہا گیا کہ ‘کارروائیوں کے دوران 90 سے زائد آئی ای ڈیز قبضے میں لی گئیں اور سرحد کے اس علاقے میں باڑ لگانے کا کام جلد ہی شروع کردیا جائے گا’۔
بیان میں کہا گیا کہ ‘سیکیورٹی فورسز کے پاس اب شمالی وزیرستان میں بین الاقوامی سرحد کے آخری مقام پر بھی فعال کنٹرول ہے’۔
علاقے کی سیکیورٹی کے حوالے سے کہا گیا کہ ‘اس سے شمالی اور جنوبی وزیرستان دونوں علاقوں کے عوام کی سیکیورٹی مزید بہتر ہوگی اور پاک-افغان سرحد میں غیر قانونی آمد و رفت کی چیکنگ مؤثر ہوگی’۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ‘چیف آف آرمی اسٹاف کو سرحد کی سیکیورٹی کے اقدامات اور خاص طور پر پاک-افغان سرحد میں باڑ لگانے کے کام میں پیش رفت پر بریفنگ دی گئی’۔
آرمی چیف نے ‘جوانوں سے ملاقات کے دوران ان کی شان دار کارکردگی اور بلند جذبے کو سراہا’۔
انہوں نے کہا کہ ‘ہم امن و استحکام کے لیے پرعزم ہیں اور اس کے لیے پاکستان سرحد پر سیکیورٹی مستحکم کرنے، ایف سی اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کی تعداد میں اضافہ کرکے اپنا کردار ادا کر رہا ہے’۔
بھرپور تعاون کرنے پر مقامی افراد کی تعریف کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ ‘علاقے میں وسیع پیمانے پر امن لوٹ چکا ہے جبکہ مقامی آبادی، سول انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ کوششوں سے طویل جدوجہد سے حاصل کیے گئے امن کو برقرار رکھا جائے گا’۔
آرمی چیف نے کہا کہ ‘ہمیں افراتفری پھیلانے اور آپریشن ردالفساد کی کامیابیوں کو بے اثر کرنے کی کوشش کرنے والوں سے چوکنا اور ثابت قدم رہنا ہوگا’۔
بعد ازاں جنرل قمر جاوید باجوہ نے میرانشاہ کا بھی دورہ کیا جبکہ اس سے قبل کور کمانڈر پشاور لیفٹننٹ جنرل نعمان محمود نے شمالی وزیرستان پہنچنے پر آرمی چیف کا استقبال کیا تھا۔