فیصل جاوید نے کہا ہے کہ اس حکومت کا ایک منٹ بھی قوم پر بھاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیصل جاوید نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اس وقت 75 سے زائد لوگ کابینہ میں ہیں اور ایک بھی وزیر اجلاس میں نہیں آتا، بہت سے لوگوں کو وزیر بنا دیا گیا ہے مگر ان کے پاس قلمدان ہی نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہاں شیری رحمان نے جو بات کی میں اس کی مذمت کرتا ہوں، انہیں عمران خان کے حلف اٹھانے پر تکلیف ہے لیکن عمران خان نے تو ابھی وزیر اعظم کا حلف لینا ہے۔
فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ سب سے زیادہ کام عمران خان ہی کر رہے ہیں، عمران خان نے سیلاب زدگان کے لیے امداد اکٹھی کی لیکن ان کی ٹیلی تھون کو نہیں دکھایا گیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس امداد کا استعمال کیسے ہو رہا ہے اگر آپ جاننا چاہیں تو ثانیہ نشتر بریف کر سکیں گی۔
انہوں نے کہا کہ ان وزراء کی موجودگی میں ایک دھیلے کا کام نہیں ہو رہا جبکہ وزرا ء کو یہاں اپنے ملک میں واپس آنا چاہیے لیکن یہ ملک سے باہر سیریں کر رہے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیصل جاوید نے مزید کہا کہ اس حکومت کا ایک منٹ بھی قوم پر بھاری ہے،اس حکومت کو جانا ہوگا۔
دوسری جانب سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک اور پیغام میں فیصل جاوید نے کہا کہ عمران خان کل بروز منگل ننکانہ صاحب میں جلسہ کرینگے، تحریک انصاف ایک بار پھر آنے والے 16 اکتوبر کے انتخابات میں ایک درجن سے زائد پارٹیوں کے اتحاد کو شکست دے گی، انشاءاللہ ۔
انشاء اللہ عمران خان کل بروز منگل ننکانہ صاحب میں جلسہ کرینگے – تحریک انصاف ایک بار پھر آنے والے 16 اکتوبر کے انتخابات میں ایک درجن سے زائد پارٹیوں کے اتحاد کو شکست دے گی- انشاء اللہ –
حکومتی اتحاد کی ایک بار پھر بھاگنے کی پلاننگ – عمران خان جلد فائنل کال دے رہے ہیں- #FinalCall— Faisal Javed Khan (@FaisalJavedKhan) October 10, 2022