پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اس بار سندھ میں بھی ہماری حکومت آئے گی۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے بلدیاتی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں بلدیاتی امیدواروں کو مبارکباد دیتا ہوں، اپنے امیدواروں کو بتانا چاہتا ہوں کہ کراچی تحریک انصاف کا شہر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کراچی کے لوگ سب سے زیادہ سیاسی شعور رکھتے ہیں، پاکستان میں تمام سیاسی تحریکیں کراچی سے اٹھتی تھیں، کراچی پاکستان کی قیادت کرتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کراچی دوبارہ پاکستان کی قیادت کرے کیونکہ کراچی پاکستان کا معاشی حب بھی ہے، کراچی کی خوشحالی پاکستان کی خوشحالی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ اس بار تحریک انصاف وفاقی حکومت میں بھی آئے گی اور سندھ کی حکومت بھی ہماری ہو گی، اگلی بار ہم سندھ میں اپوزیشن میں نہیں بیٹھیں گے۔