امیر جماعت اسلامی نے کہا ہے کہ اسلامی نظام آئے گا تو ہی غریب عوام کو روٹی، کپڑا، مکان اور انصاف ملے گا۔
تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے سکرنڈ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اندرون سندھ بھی سیلاب متاثرین سے بے یارو مددگار ہے، حکومت کے پاس فنڈز ہونے کے باوجود سیلاب متاثرین پر خرچ نہیں کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سیلاب متاثرین کی بحالی اور امداد کے لئے ایک پیج پر نہیں ہے، اگر لوگوں کو ان کے حقوق نہ ملے تو حکومت کا گھیراؤ ہوسکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی ہر فورم پر عوام کے حقوق کی جنگ لڑتی رہے گی چاہے جیل ہی کیوں نہ جانا پڑے، جب تک سیلاب متاثرین گھروں کو نہیں لوٹ جاتے تب تک جماعت اسلامی ان کی خدمت کرتی رہے گی۔
سراج الحق نے کہا کہ پاکستان کے اندر بھی دو پاکستان ہیں، ایک غریبوں کا پاکستان ہے اور دوسرا وی آئی پیز کا پاکستان ہے۔
انہوں نے کہا کہ پوری سیاست ایک این آر او کی بنیاد پر جاری ہے، پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی کی لڑائی سیلاب زدگان کے لئے نہیں بلکہ اپنے مفادات کے لئے ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی نے طے کیا ہے کہ ہم سیلاب متاثرین اور عوام کی جنگ لڑیں گے۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مزید کہا کہ ملک میں جاری دوہرے نظام کا واحد حل اسلامی نظام ہے، جس کے لئے جماعت اسلامی جدوجہد کررہی ہے اور ملک میں اسلامی نظام آئے گا تو ہی غریب عوام کو روٹی، کپڑا، مکان اور انصاف ملے گا۔