اسرائیلی سپائی ویئر پیگاسیس کے استعمال کی رپورٹس پر اقوام متحدہ تحقیقات کرائے، پاکستان

دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چوہدری نے وزیراعظم عمران خان سمیت عالمی رہنماوں، انسانی حقوق کے سرگرم کارکنوں، حکومتی اہلکاروں، سفارت کاروں، ججزاور صحافیوں کے کمپیوٹرز اور فونز کی جاسوسی کے لئے بھارت کی طرف سے اسرائیلی ’سپائی وئیر۔ پیگاسیس‘ کے استعمال پر میڈیا کے سوالات کے جواب میںاپنے بیان میں مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیلی سپائی وئیر پیگاسیس کے استعمال کی رپورٹس پر اقوام متحدہ متعلقہ اداروں سے تحقیقات کرائے۔ جاری اعلامیہ کے مطابق عالمی میڈیا کی یہ رپورٹس ہمارے لئے شدید تشویش کا باعث ہیں جن سے اپنے شہریوں، غیرملکیوں کے علاوہ وزیراعظم عمران خان کے خلاف اسرائیلی ساختہ ’سپائی وئیر‘ استعال کرنے کی بھارتی حکومت کی منظم جاسوسی کارروائیاں بے نقاب ہوگئی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ہم بھارتی ریاستی سرپرستی میں جاری وسیع نگرانی اور جاسوسی کی ان کارروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں جو ذمہ دار ریاست کی عالمی اقدار کے صریحا منافی ہیں۔ اختلافی آوازوں کو دبانے کے لئے غیرقانونی طورپر چوری چھپے نگرانی کرنا آرایس ایس،بی جے پی کا پرانا حربہ اور وطیرہ ہے تاکہ بھارت غیرقانونی طورپر اپنے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری رکھے اور پاکستان کے خلاف گمراہ کن غلط اطلاعات پھیلاتا رہے۔ انہوںنے کہاکہ رواں سال کے آغاز میںای یو ڈِس انفو لیب بھارتی کارنیکلز کے منکشف ہونے پر دنیا نام نہاد بھارتی ’’جمہوریت‘‘ کا اصل چہرہ دیکھ چکی ہے۔ ترجمان نے کہاکہ ہم ان انکشافات پر پیش رفت کا گہرائی سے مشاہدہ کررہے ہیں اورمتعلقہ عالمی فورمز کی توجہ ان غیرقانونی بھارتی سرگرمیوں کی طرف مبذول کرائیں گے۔ ان رپورٹس کی سنگینی کے پیش نظر ہم اقوام متحدہ کے متعلقہ اداروں پر زور دیتے ہیں کہ وہ اس معاملے کی مکمل تحقیقات کرائیں اور حقائق سامنے لاتے ہوئے اس جرم کے مرتکب بھارتیوں کا احتساب کریں۔