ارچنا پورن نے شادی کو 4 سال تک خفیہ رکھنے کی وجہ بتا دی

 ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ ارچنا پورن سنگھ نے چار سال تک شادی کو خفیہ رکھنے کی وجہ بتا دی ہے۔

اداکارہ ارچنا پورن سنگھ اپنے بالی ووڈ کیریئر سے خوب لطف اندوز ہوئیں۔ فلم ’دے دنا دن‘ سے فلم ’کرش‘  تک اور پھر مزاحیہ پروگرام ’دی کپل شرما شو‘ میں اداکارہ نے اپنے فرائض خوب انجام دیے مگر ماضی میں انہوں نے اپنی شادی کو خفیہ رکھا۔

ارچنا پورن سنگھ نے 1992 کے اوائل میں پرمیت سیٹھی سے شادی کی تاہم 1996 تک اداکارہ نے شادی کے حوالے سے کسی کو خبر تک ہونے نہ دی۔

بھارتی نیوز ٹی وی ’ٹائمز ناؤ‘ سے گفتگو کرتے ہوئے ارچنا پورن سنگھ کا کہنا تھا کہ جب میری شادی پرمیت سیٹھی کے ساتھ ہوئی تب فلم انڈسٹری میں یہ باتیں عام تھیں کہ شادی شدہ اداکاراؤں کو کام کے بہت کم مواقع میسر آتے ہیں، انڈسٹری میں مردوں اور خواتین کے لیے علیحدہ علیحدہ اصول ہیں۔

ارچنا پورن کا کہنا تھا کہ پرمیت سیٹھی میرے کیریئر کو لیکر کافی پریشان تھے، وہ میرا کیریئر داؤ پر نہیں لگانا چاہتے تھے، بالی ووڈ میں یہ تاثر عام تھا کہ شادی کے بعد بچہ ہوجائے تو پھر اداکارہ کا دھیان کام پر سے ہٹ جاتا ہے۔

اداکارہ نے کہا کہ پرمیت سیٹھی اور میں نے شادی کو ہماری ذاتی زندگی کا معاملہ قرار دیا لیکن پرمیت سیٹھی میرے کیریئر کی خاطر شادی کے لیے راضی نہیں تھے، پھر ہم نے مشترکہ فیصلہ کیا کہ ہم کچھ وقت کے لیے شادی کو خفیہ رکھیں گے۔