کامیڈی فلم چھپن چھپائی میں اپنی اداکاری کا جادو دکھانے کے بعد اب پاکستانی اداکار احسن خان اور اداکارہ نیلم منیر ڈراما سیریل ‘قیامت’ میں ایک ساتھ جلوہ گر ہوں گے۔ دونوں کی فلم چھپن چھپائی دسمبر 2017 میں ریلیز ہوئی تھی جو مزاح اور ایکشن سے بھرپور تھی۔ سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ کے اس ڈرامے کو اسد قریشی اور عبداللہ قدوانی نے پروڈیوس کیا ہے، جس کی ہدایات علی فیضان دیں جبکہ یہ ڈراما ثروت نذیر نے لکھا ہے۔ امیجز سے بات کرتے ہوئے احسن خان نے بتایا کہ’ ڈرامے میں میرا کردار کوئی عام کردار نہیں ہے’۔
ڈرامے سے متعلق بتاتے ہوئے احسن خان نے کہا کہ اس کا اہم مرکزی خیال یہ ہے کہ ‘وہ مسائل جن کا خواتین سامنا کررہی ہیں اور جو بھی ان کے خلاف غلط ہو رہا ہے اس کے خلاف انہیں لازمی کھڑے ہونا چاہیے، اس کے علاوہ کس طرح بچے والدین کی ترتیب میں کی جانے والی کوتاہیوں اور غلطیوں کو اپنی زندگی پر لاگو کرتے ہیں’۔
اداکار احسن خان نے مزید کہا کہ نیلم منیر ان کی پسندیدہ اداکاراؤں میں سے ایک ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ قیامت ڈرامے کی یہ جوڑی ایک فلم ‘ چکر’ میں بھی ساتھ دکھائی دے گی جس کی پروڈکشن اکتوبر میں دوبارہ شروع ہوگی۔ قیامت ڈرامے میں عمار خان، ہارون، شبیر جان اور صبا فیصل بھی اہم کرداروں میں دکھائی دیں گے۔ تاہم یہ ڈراما کب سے نشر ہوگا اس حوالے سے اب تک کسی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔