پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اتوار تک لانگ مارچ کا فیصلہ ہو جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے دینہ اسٹیڈیم میں بول نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے بھی حکومت کے چوکے چھکے چھڑائے ہوئے ہیں، ہماری لانگ مارچ کی تیاری جاری ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ اندازہ لگائیں لاکھوں کروڑوں کے ہیروں کی چوری توشہ خانہ پر آکر ٹھہری، توشہ خانے سے اب یہ کہہ رہے ہیں کہ پانی کی دو ہزار بوتلیں چوری کی گئی ہیں۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ ان الزامات سے ان کی ذہنی حالت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے، ہم 6 ماہ سے ان کے الزامات کا مقابلہ کر رہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہفتہ اتوار تک لانگ مارچ کا فیصلہ ہو جائے گا۔
فواد چوہدری نے کہا کہ دینہ کرکٹ سٹیڈیم کے بعد سوہاوہ کا سٹیڈیم بھی مکمل ہو چکا ہے، پنڈدادن خان اور کھیوڑہ سٹیڈیم بھی مکمل ہو چکا ہے اور جہلم سٹیڈیم پہلے ہی موجود ہے ۔
انہوں نے کہا کہ جہلم میں فٹبال سٹیڈیم تعمیر کیا جائے گا، تمام سٹیڈیمز میں سکولوں کے طلباء کو کھیلنے کی اجازت ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ ہم نے پوری کوشش کی کہ حکومت عوام کی بات سنے کوئی عقل کی بات کرے، انہوں نے اپنی عقل کی بتی بند کی ہوئی ہے، یہ ایک احمقوں کا گروہ ہے جو پاکستان پر مسلط ہے، عوام اس فاشسٹ حکومت کے خلاف اپنا رد عمل دے، اگر وزیر اعظم کا دفتر محفوظ نہیں تو کیا محفوظ ہو سکتا ہے؟
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ آڈیو لیکس ہماری انٹیلیجنس اور وزیر آفس کے سیکورٹی کے ذمہ داران کا بہت بڑا فیلیئر ہے، آڈیو لیکس ایک سنگین مسئلہ ہے، سپریم کورٹ کو چاہیے کہ اس کے اوپر میمو گیٹ طرز کا ایک کمیشن بنائے۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ سائفر غائب نہیں وہ وزارت خارجہ میں موجود ہے، پہلے یہ کہتے تھے کہ کوئی خط موجود ہی نہیں اور اب کہہ رہے سائفر گم ہو گیا۔