یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ آنے والے دنوں میں عوام کو مزید خوشخبریاں ملیں گی۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے این اے 157 میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب عمران خان عوام کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیں، جتنی مرضی ضمانتیں لے لیں فارن فنڈنگ سے ملکی سلامتی اور اداروں کے خلاف سازشیں کرنے والے بچ نہیں سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ این اے 157 کے عوام 16 اکتوبر کو ووٹ کی پرچی کے ذریعے عمران خان پر عدم اعتماد کا کھل کر اظہار کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ روٹین کے سائفر کو مرضی کے منٹس میں تبدیل کرکے امریکی سازش کا بیانیہ بنا کر سفارتی سطح پر پاکستان کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچایا گیا ہے۔
سید یوسف رضا گیلانی نے کہا وقت نے ثابت کردیا کہ ہم نے ریاست کو بچانے کیلئے اپنی سیاست کو پس پشت ڈالا ہے، گھناؤنی سازشوں، سیاسی ومعاشی عدم استحکام، اداروں اور عوام میں دوریاں پیدا کرنے کے لئے عمران خان کو دشمن عناصر نے فنڈنگ کی لیکن تمام معلومات اب عوام تک پہنچ چکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملکی سلامتی، جمہوریت اور بنیادی عوامی حقوق کے لئے ہم نے جیلیں کاٹیں، جھوٹے مقدمات اور غیر موزوں عدالتی سزاؤں کا سامنا بھی کیا لیکن ہم نےکبھی نہ ہی بد اخلاقی کی اور نہ ہی اپنے کارکنان کو اس کی ترغیب دی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں، میں نے بطور وزیر اعظم ملتان سمیت اس خطے کو اربوں روپے کے میگا پراجیکٹس دئیے تھے اب علی موسیٰ گیلانی اس تسلسل کو برقرار رکھیں گے، اسی لیے این اے 157 میں عوام موسیٰ گیلانی کو کامیاب کرانا چاہتے ہیں جبکہ ہر روز موسیٰ گیلانی کے ووٹرز کی تعداد میں اضافہ ہوتا چلا جارہا ہے اور تیر کا نشان عوام کی امنگوں کا ترجمان بن چکا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ 16 اکتوبر علی موسیٰ گیلانی کی کامیابی کا دن ہے، عوام نے فیصلہ کرلیا ہے کہ امپورٹڈ امیدوار کے بجائے اس خطے کے سپوت کو قومی اسمبلی بھجوائیں گے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ عمران خان کی فارن فنڈنگ اور ممنوعہ فنڈنگ پاکستان کو سیاسی ومعاشی عدم استحکام پہنچانے کی گھناؤنی سازش ثابت ہوئی ہے جبکہ آڈیوز میں ثابت ہوا کہ عمران خان، شاہ محمود قریشی، اسد عمر اور اعظم خان نے ایک روٹین کے سائفر سے مرضی کے منٹس بنائے ہیں جبکہ اسے خط بنا کر پوری منصوبہ بندی سے جلسوں میں بھی لہرایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف والوں کو اچھی طرح ذہن نشین کر لینا چاہیے کہ عوام پاکستان جمہوریت اور اداروں سے عشق کرتے ہیں, کوئی بھی قدرتی آفت آجائےہم نے اداروں کے ساتھ ملکر ہمیشہ عوام کے لئے لازوال قربانیاں دی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ فارن فنڈنگ سے شروع ہونے والی پاکستان کے خلاف سازش کا انجام مراسلہ کے ذریعے جاری ہے، تحریک انصاف کی مصنوعی مقبولیت تیزی سے یہ پارٹی غیر مقبول ہو رہی ہے جبکہ بیانیہ کی سازش دم توڑ چکی ہے اور عمران خان فیس سیونگ مانگ رہے ہیں۔
سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ بیساکھیاں ہٹنے سے صوبائی حکومتیں ہونے کے باوجود پارٹی کا شیرازہ بکھر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف میں کئی دھڑے بن چکے ہیں جو افراتفری کی سیاست نہیں چاہتے ہیں جبکہ عمران خان کو ایک ایک شہر میں جا کر کارکنان سے حلف لینا پڑ رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں بھی کسی وقت بڑی تبدیلی آسکتی ہے جبکہ پنجاب حکومت لااینڈ آرڈر پر قابو پانے میں ناکام ثابت ہوئی ہے۔
سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا کہ مشکل فیصلوں کے بعد پی ڈی ایم حکومت ڈلیور کرنے کی پوزیشن میں آگئی ہے جبکہ آنے والے دنوں میں عوام کو مزید خوشخبریاں بھی ملیں گی۔