شاہ محمود قریشی نےکہا ہے کہ آنے والے انتخابات میں سندھ سے بھی پی پی کا صفایا ہوگا۔
سابق وزیر خارجہ اور پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان حقیقی معنوں میں عوامی لیڈر ہیں، قوم عمران خان پر اعتماد کرتی ہے اور ان کے بیانیہ کو تسلیم کرتی ہے۔
شاہ محمود قریشی نےکہا کہ حکومت کا کاؤنٹ ڈاؤن شروع ہو چکا ہے جبکہ حکومت عمران خان کی مقبولیت سے بوکھلاہٹ کا شکار ہے اس لئے انتقامی کارروائیاں شروع کردی ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پی ڈی ایم اختتامیہ کی طرف چل پڑی ہے، حقیقی آزادی دلانے کیلئے عمران خان کی قیاد ت میں سفر شروع ہوچکا ہے، قوم تیاری کرے جلد نئے الیکشن کا اعلان ہوگا۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پی پی، ن لیگ کی قیادت کی کرپشن اور بداعمالیوں سے عوام متنفر ہو چکے ہیں جبکہ پاکستان کے عوام مایوس ہو چکے تھے، عوام کو عمران خان کی صورت میں ایک ایماندار اور دیانتدار قیادت میسر آگئی ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ عمران خان نے پاکستانی سیاست میں دوجماعتو ں کے جمود کو توڑا، باریوں کی سیاست کو ختم کیا جبکہ پی پی سے بھٹو کا نظریہ بھی ختم ہوچکا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پنجاب میں پیپلز پارٹی ختم ہوچکی ہے، پیپلز پارٹی اندرون سندھ کے کچھ علاقوں تک محدودہو چکی ہے، آنے والے جنرل انتخابات میں سندھ سے بھی پی پی کا صفایا ہوگا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ سابقہ انتخابات میں پنجاب میں پیپلز پارٹی کے پاس امیدوار نہیں تھے، اب بھی یہی پوزیشن ہے، موجودہ سیاسی حالات میں پیپلز پارٹی کو ووٹ دینا ووٹ کو ضائع کرنے کے مترادف ہے۔
پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ عوام اپنے قیمتی ووٹ کا صحیح استعمال کریں، 11ستمبر کے ضمنی انتخاب میں بلے کے نشان پر ٹھپہ لگا کر عمران خان کے بیانیہ کو تقویت دیں۔