آزادکشمیر میں کرپشن کے ذریعہ مال بنانے والوں سے حساب لیں گے، تنویر الیاس

تنویر الیاس نے کہا ہے کہ آزادکشمیر میں کرپشن کے ذریعہ مال بنانے والوں سے حساب لیں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزریر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے یونیورسٹی گراونڈ میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہ آزادکشمیر کے رہنے والوں نے آج قائد پاکستان عمران خان کا والہانہ استقبال کر کے ثابت کر دیا ہے کہ عمران خان ہی کشمیریوں کی امیدوں کا محور ومرکز ہیں۔

تنویر الیاس خان نے کہا کہ عمران خان نے آزادکشمیر میں احتساب اور عام آدمی کے لیے ریلیف کا ایجنڈہ دیا جس پر عملدرآمد جاری ہے۔ آزادکشمیر میں کرپشن کے ذریعہ مال بنانے والوں سے حساب لیں گے، یہ کسی کے باپ کا مال نہیں قوم کے خون پسینے کی کمائی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ عمران خان اس ملک کے وہ لیڈر ہیں جنہوں نے “اسٹیٹس کو”کو چیلنج کیا اور اسی جذبے کو دیکھ کر میں بھی تحریک انصاف کے قافلے کا حصہ بنا۔

تنویر الیاس کا کہنا تھا کہ جب تحریک انصاف کی حکومت آزادکشمیر میں اقتدار میں آئی تو چیئرمین تحریک انصاف نے سب سے پہلے عام آدمی کو ریلیف دینے کی ہدایت کی، عمران خان نے ہمیشہ عام آدمی کی بات کی اور ملک احتساب کے عمل کی شفاف بنانے پر زور دیا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اقوام متحدہ میں آپ نے 24منٹ کشمیر پر بات کی اور کشمیریوں کا مقدمہ بھرپور انداز میں پیش کیا،پاکستان کے موجودہ وزیرا عظم جو اپنے آپ کو کشمیری النسل کہتے ہیں اقوم متحدہ میں کشمیریوں کا نام بھی نہیں لیا۔

سردار تنویر الیاس نے کہا کہ عمران خان نے کشمیریوں کے سفیر ہونے کا ثبوت دیا اور ہر بین الاقوامی فورم پر جاندار انداز میں کشمیریوں کا مقدمہ لڑا جبکہ اقوام متحدہ، امریکہ اور یورپی یونین عمران خان نے کشمیر اور ناموس رسالت پر کمپرومائز نہیں کیا۔

وزیر اعظم آزادکشمیر نے یہ بھی کہا کہ تحریک انصاف نے جن اصولوں پر سیاست کی بنیاد رکھی انہی اصولوں پرقائد اعظم نے اس ملک کی بنیاد رکھی تھی،قائداعظم کے بعد عمران خان وہ پہلے حکمران ہیں جنہوں نے ریاست مدینہ کی بات کی، ریاست مدینہ کا تصور عام آدمی کی فلاح وبہبود ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب آپ نے پاکستان میں اقتدارسنبھالا تو ملک سخت مشکل حالات میں تھا۔تحریک انصاف نے غریب آدمی کو صحت کی بہترین کی سہولیات کی فراہمی کے لیے انصاف کارڈ متعارف کروایا اورغریب آدمی کی جیب میں انصاف صحت کارڈ کی صورت میں 10لاکھ روپے ڈال دیئے۔

تنویر الیاس نےکہا کہ کورونا کے دوران تحریک انصاف کی حکومت نے بہترین حکمت عملی اپنائی جس کی مثالیں پوری دنیا نے دیں،کورونا وبا کی وجہ سے دنیا کی بڑی بڑی معشیتیں تباہ ہوئیں لیکن عمران خان کی بہترین حکمت عملی کے باعث پاکستان اس بحران سے بخوبی باہر نکلنے میں کامیاب ہوا۔

وزریر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے مزید کہا کہ میں یقین دلاتا ہوں کہ کشمیری آپ کی پشت پر ہیں اور آپ کو اپنا محسن سمجھتے ہیں، میں یقین دلاتا ہوں کہ آزادکشمیر میں آنے والے 6ماہ میں آپ عمران خان کے ویثرن کے مطابق عوام کو حکومتی اقدامات کے ثمرات نظر آئیں گے اور یہ قوم غیرت کے ساتھ آگے بڑے گی۔

اس موقع پرسابق وزیر امور کشمیر علی امین گنڈا پور،سابق وزیر صحت عامر محمود کیانی،آزادکشمیر کے وزراء حکومت،ممبران اسمبلی،تحریک انصاف کے ٹکٹ ہولڈرز،خواتین سمیت عوام کی بڑی تعداد جلسہ عام میں شریک ہوئی۔

Best Car Accident Lawyer