گرفتاری کے لیے ہر وقت تیار ہوں، عمران خان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ گرفتاری کے لیے ہر وقت تیار ہوں۔

تفصیلات کے مطابق عمران خان نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اعظم  خان کے ساتھ میری گفتگو فون پر ہوئی جو لیک ہو گئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ سائفر کی ایک کاپی میرے پاس تھی، پتا نہیں وہ کہاں غائب ہو گئی ہے، اسد مجید کے سائفر کے آخر میں لکھا تھا کہ ہمیں اسے ڈیمارچ کرنا چاہیے، عام لوگ سائفر کو نہیں سمجھتے، انکی زبان میں انہیں سمجھانے کے لیے لیٹر کا لفظ استعمال کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ سائفر کی کاپی صدر مملکت کے پاس بھی ہے جو انہوں نے چیف جسٹس  کو بھجوائی، میں او آئی سی اجلاس میں سائفرمعاملے کو نہیں لانا چاہتا تھا، سائفر میں جو بھی باتیں ہوئیں وہ جلسوں میں کر چکا ہوں۔

عمران خان نے کہا کہ بڑی بات ہے کہ وزیر اعظم کی گفتگو محفوظ نہیں، وہ بھی پبلک ہو گئی۔

انہوں نے کہا کہ جب آخری بار مجھے اپنی گرفتاری کا علم ہوا تو میں نے اپنا بیگ بنا کر تیاری کر لی تھی، گرفتاری کے لیے میں ہر وقت تیار رہتا ہوں، شریفوں اور زرداری کی سیاست مافیاز کی طرز پر ہے، یہ لوگوں کو خرید لیتے ہیں یا ڈرا دھمکا کر قتل بھی کروا دیتے ہیں، انہوں نے مجھے گرفتار کرنے اور جیل میں ڈالنے کی کوشش کرنی ہے، جس کے لیے میں تیار ہوں۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ  مجھے پتا تھا یہ مجھے نا اہل کروانے کی کوشش کریں گے، یہ اس وقت الیکشن کروانا چاہتے ہیں جب مجھے نا اہل کروا دیں، میں ذہنی طور پر ہر چیز کے لیے تیار ہوں مگر ڈٹ کر مقابلہ کروں گا اور اپنی قوم کو حقیقی آزادی دلواؤں گا۔

عمران خان نے کہا کہ  مریم اور بلاول ہر بار کوئی ایسی بات کر دیتے ہیں جس سے ہمارا فائدہ ہو جاتا ہے، مجھے نہیں انہیں کوچ کی ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیا گیا ہے۔

Best Car Accident Lawyer