مشیر اطلاعات حکومت پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ کپتان نے ثابت کر دیا کہ ہر مشکل وقت میں وہ عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق عمر سرفراز چیمہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سیلاب زدگان کی مالی امداد کے لیے ٹیلی تھون ٹرانسمیشن میں اہل پاکستان اور اوورسیز پاکستانی بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی قیادت میں حکومت پنجاب سیلاب ذدگان کی بحالی کی سرگرمیوں میں سب سے آگے ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہلاکت خیز سیلاب کی تباہ کاریوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات ناقابل بیاں ہیں۔
عمر چیمہ نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں فوری ریسکیو کے بعد متاثرین کی بحالی اور آبادکاری کی طرف بڑھ رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کی ٹیلی تھون فنڈ ریزنگ سے متاثرین کے مصائب کم کرنے میں مدد ملے گی۔