ٹوکیو: انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے سربراہ تھامس باک نے کہا ہے کہ وائرس کی وجہ سے التوا کا شکار ٹوکیو اولمپکس کے حوالے سے کوئی پلان بی نہیں اور اس سال ایونٹ شیڈول کے مطابق منعقد ہوگا۔
تھامس باک نے کیوڈو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس اس وقت اس بات پر یقین کرنے کی کوئی وجہ نہیں ہے کہ 23 جولائی کو ٹوکیو میں اولمپکس منعقد نہیں ہو پائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ کوئی پلان بی نہیں ہے اور اسی وجہ سے ہم ان کھیلوں کو محفوظ اور کامیاب بنانے کے لیے پوری طرح سے پرعزم ہیں۔
ٹوکیو کے منتظمین نے حفاظتی اقدامات کا بڑے پیمانے پر انتظام کیا ہے جس کی بدولت وائرس قابو میں آئے یا نہیں اور ویکسین کے بغیر ہی کھیلوں کا انعقاد ممکن ہو سکے گا۔
لیکن جاپان میں عوام کی زیادہ تعداد کھیلوں کے انعقاد کے حق میں نہیں ہے، حالیہ رائے شماری میں 80 فیصد جواب دہندگان ایونٹ میں مزید تاخیر یا منسوخی کے حق میں ہیں۔
ٹوکیو 2020 کے چیف ایگزیکٹو آفیسر توشیرو مطو نے خبر رساں ایجنسی ہفتے اے ایف پی کو بتایا کہ اس سال کھیلوں کے انعقاد کے حوالے سے منتظمین کا عزم غیر متزلزل ہے اور اس کی منسوخی پر بات نہیں کی گئی۔
لیکن انہوں نے اعتراف کیا کہ وہ اس بات کی ضمانت نہیں دے سکتے ہیں کہ شائقین کے اسٹینڈز بھرے ہوئے ہوں گے یا تماشائیوں کے بغیر ہی منعقد ہوں گے۔
ایونٹ میں شائقین کو شرکت کی اجازت دی جائے گی یا نہیں، اس بات کا فیصلہ کچھ دنوں میں متوقع ہے جہاں گیمز 23 جولائی سے منعقد ہوں گے۔