پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یوم یکجہتی کشمیر منایا جارہا ہے، کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کےلیے صدر اور وزیر اعظم آج کشمیر کا دورہ کریں گے اور صدر مملکت کشمیر کی قانون ساز اسمبلی سے خطاب بھی کریں گے جبکہ وزیراعظم عمران خان آج کوٹلی میں اجتماع سے خطاب کریں گے۔
پاکستان اور آزاد کشمیر کو ملانے والے پلوں پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائیں جائے گی، اس موقع پر صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ کشمیریوں کو حق خودارادیت کےلیے جدوجہد پر بھرپور خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ حق خودارادیت یو این چارٹر میں موجود بنیادی حق ہے، غیر قانونی طور پر محکوم کشمیریوں کے اس حق سے انکار انسانی وقار کی نفی ہے۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر پرانے تنازعات میں سے ایک ہے، تنازعہ بھارتی ہٹ دھرمی اور وعدہ خلافی کی وجہ سے حل نہیں ہوسکا۔
ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں آبادیاتی امتیاز کے ذریعے اکثریت کو تبدیل کیا جارہا ہے، اور یہ اقدامات عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔
صدرمملکت عارف علوی نے کہا کہ عالمی برادری بھارت کے سنگین جرائم پر اس کا محاسبہ کرے۔
انہوں نے مزید کہا تھا کہ کشمیری بھائی بہنوں کی مکمل حمایت اور یکجہتی کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں، حق خودارادیت کے حصول تک کشمیریوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔