کشمالہ طارق کے بیٹے کی گاڑی کی ٹکر سے 4 افراد جاں بحق، شوہر گرفتار

 اسلام آباد کے جی الیون سیکٹر میں کشمالہ طارق کے پروٹوکول میں شامل گاڑیوں نے سگنل توڑتے ہوئے مہران کار کو ٹکر ماری  جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کے مطابق اسلام آباد کے سیکٹر جی الیون میں تیز رفتار گاڑیوں نے سگنل توڑتے ہوئے موٹرسائیکل اور مہران کار کو ٹکر ماری جس کے نتیجے میں کار میں موجود 4 دوست موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جب کہ دو افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔

پولیس کے مطابق تیز رفتار گاڑیوں کا قافلہ کشمالہ طارق کے پروٹوکول کا تھا، ایک گاڑی میں کشمالہ طارق کے شوہر اور بیٹا بھی موجود تھے۔ پولیس نے کشمالہ طارق کے شوہر وقاص خان کو حراست میں لے کر تھانہ رمنا منتقل کر دیا  جب کہ کشمالہ طارق کا بیٹا اور  قافلے میں شامل دیگر افراد موقع سے فرار ہو گئے۔

پولیس نے تھانہ رمنا نے حادثے کا مقدمہ درج کر لیا ہے جس میں کشمالہ طارق کا بیٹا اذلان بھی نامزد ہے، مقدمہ واقعہ میں زخمی والے شہری کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ قانون کے مطابق ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

ایف آئی آر کے مطابق سفید رنگ کی جیپ نمبری ڈبلیو وائی 077 نے مہران گاڑی کو ٹکر ماری جس کے نتیجے میں گاڑی میں موجود 4 دوست جاں بحق ہوگئے، جاں بحق نوجوان مانسہرہ سے اے این ایف کا ٹیسٹ دینے آئے تھے جب کہ حادثے میں 2 موٹرسائیکل سوار زخمی ہوئے ہیں۔

محتسب  برائے ہراسیت کشمالہ طارق  نے  گزشتہ رات کے واقعے  سے متعلق پریس کانفرنس اپنے خاوند اور بیٹے پر لگنے والے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔

انہوں ںے کہا کہک قانون اپنا رستہ ضرور بنائے لیکن میڈیا ہم پر بے جا الزامات نہ لگائے۔ہمارا کوئی قافلہ نہیں تھا صرف دو گاڑیاں تھیں۔ہم نے گزشتہ رات ساڈھے دس بجے کے قریب ٹول پلازہ کراس کیا۔دو گاڑیوں میں ہم لاہور سے آرہے تھے ایک میں اور میرے خاوند اور دوسری میں میرا بیٹا اور  پولیس گارڈ تھے۔

انہوں نے کہا کہ آئی جی ایس ایس پی وہاں اس جگہ کی تمام سی سی ٹی وی فوٹیج تمام میڈیا کو دیں۔ہماری دونوں گاڑیاں ہمارے ڈرائیور چلا ریے تھے۔ جہاں ہمارے ڈرائیورز کی غلطی ہے وہیں پر اس گاڑی کے ڈرائیور کی بھی غلطی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چار قیمتی جانیں چلی گئیں میں نے ان کے لیے بہت دعائیں کیں۔ ہم بہت عجیب صورت حال کا سامنا کر رہے ہیں، ہماری جان بھی جاسکتی تھی۔ حادثہ کوئی منصوبہ بنا کر نہیں کرتا کوئی تیار ہوکر اس کے لیے نہیں جات۔ بڑی تکلیف دہ بات ہے وہ خاندان جس کا اتنا بڑا نقصان ہو گیا۔ میرے پاس ان ماؤں کے ساتھ تعزیت کے لیے لفظ نہیں۔

کشمالہ طارق نے کہا کہ میڈیا ہمارا ٹرائل کر رہا ہے ہم دو گاڑیوں میں تھےکوئی قافلہ نہیں تھا۔ میری وزیر اعظم سے التجا ہے کہ وہ ایف ڈبلیو او سے فوٹیج لیں دیکھیں۔جو سچ ہے اس پر ضرور ایکشن لیں۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا پر یک طرفہ کہانی نہیں ہونی چاہیے۔ میرے بیٹے کی تصویریں چلا کر سنسنی پھیلائی جارہی ہے۔ ایمبولینس کو خود میرے خاوند اوربیٹے نے کال کی۔ میرا بیٹا اور خاوند خود چل کر تھانے گئے۔ میری درخواست ہے کہ جو سچ ہے وہ ضرور دکھائیں بغیر ثبوت الزامات نہ لگائے جائیں۔