کراچی میں ڈینگی کیسز میں ایک مرتبہ پھر سے اضافہ ہونے لگا ہے۔
محکمہ صحت سندھ کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں سندھ میں 58 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ 55 کیسز کراچی ،2 حیدرآباد اور 1 میرپورخاص میں رپورٹ ہوا ہے۔
محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ ضلع شرقی میں 19 ،ضلع جنوبی 16کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
محکمہ صحت سندھ نے مزید بتایا گیا کہ رواں سال سندھ بھر میں 2 ہزار 363 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ڈینگی وائرس سے کیسے محفوظ رہا جائے؟
ڈینگی بخار دنیا بھر میں مچھروں سے سب سے زیادہ تیزی سے پھیلنے والا مرض ہے اور یہ 4 اقسام کے ڈینگی وائرسز کا نتیجہ ہوتا ہے۔
ڈینگی کے مرض سے بچاؤ کے لیے سب سے اہم چیز یہ ہے کہ کسی بھی جگہ پانی جمع نہ ہونے دیا جائے، عام لوگوں کی توجہ صرف گندے پانی کی جانب جاتی ہے لیکن اس مرض کو پھیلانے میں اہم ترین کردار صاف پانی ادا کرتا ہے۔
مچھر دانیوں اور اسپرے کا استعمال لازمی ہے کیوں کہ ایک مرتبہ یہ مرض ہوجائے تو اس وائرس کو جسم سے ختم ہونے میں دو سے تین ہفتوں تک کا وقت لگ سکتا ہے۔
اس کے علاوہ بارش کے بعد اکثر گھروں کے آس پاس یا لان ، صحن وغیرہ میں پانی جمع ہو تو اسے فوراً نکال کر وہاں اسپرے کرنے سے ڈینگی سے بچاؤ ممکن ہے۔