کراچی بھر میں بجلی کی بحالی مرحلہ وار جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان کے الیکٹرک نے اپنے بیان میں کہا کہ کراچی بھر میں بجلی کی بحالی مرحلہ وار جاری ہے، نیشنل ٹرانسمیشن نیٹ ورک میں فالٹ کی وجہ سے پاکستان بھر کے متعدد شہر اس وقت متاثر ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ اسٹریٹجک تنصیبات بشمول ایئرپورٹ، اسپتال اور کے ڈبلیو ایس بی پمپنگ اسٹیشنز کی بجلی بحال ہے جبکہ رہائشی علاقوں کی بجلی کی بحالی کا کام بتدریج جاری ہے۔
کے الیکٹرک کے ترجمان نے کہا کہ ایف بی ایریا، سیوک سینٹر، کلفٹن، ڈیفنس، دھابیجی، ایلنڈر روڈ، گزری، گلستان جوہر، لیاقت آباد، لیاری اور ملیر کے دیگر علاقوں میں بجلی بحال کر دی گئی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ کے الیکٹرک کا جنریشن، ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک محفوظ اور مکمل طور پر فعال ہے، کے ای انتظامیہ اس معاملے پر متعلقہ حکام سے رابطے میں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صارفین سوالات اور مزید رہنمائی کے لیے سوشل میڈیا پلیٹ فارم سے رابطہ کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ نیشنل گرڈ میں خرابی سے کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن ہوا ہے۔