کارکنان بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تحریکی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، عامر خان

عامر خان نے کہا ہے کہ کارکنان بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تحریکی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔

تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مرکز بہادرآباد پر لیاقت آباد ٹاؤن کے مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے ذمہ داران و کارکنان کی سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان سمیت دیگر رہنماؤں سے ملاقات ہوئی ہے۔

اس موقع پر لیاقت آباد ٹاؤن کے مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے ذمہ داران و کارکنان نے ایم کیو ایم پاکستان میں شمولیت کا اعلان کردیا ہے۔

ملاقات میں سنیئر ڈپٹی کنوینر عامر خان نے تمام کارکنان کو ویلکم کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی آمد ایک خوش آئند عمل ہے، آپ تمام کارکنان جن وجوہات کی بنا پر ناراض ہو کر دوسری جماعتوں میں شامل ہوئے تھے، ہمیں ان تمام باتوں کیلئے درگزر سے کام لیتے ہوئے اور آپس کے تمام اختلافات کو بھلاتے ہوئے ایک پرچم تلے متحد ہوکر حالات کا مل جل کر سامنا کرنا ہے۔

عامر خان نے کہا کہ آپ تمام کارکنان اپنے علاقوں میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تحریکی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور جو مسائل آپ کے علم میں ہوں انہیں متعلقہ ذمہ داروں کے ساتھ مل کر حل کروانے کی کوشش کریں۔

 سینئر ڈپٹی کنونیر عامر خان نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان ہی وہ واحد سیاسی جماعت ہے جو شہری سندھ  کے عوام کی حقیقی معنوں میں ترجمانی کرتی ہے، آپ لوگ تحریک میں پرانے لوگ ہیں تحریکی نظم وضبط اور اصولوں سے بخوبی واقف ہیں، اپنی متعلقہ یوسی اور ٹاؤن سے مسلسل رابطے میں رہیں اور مرکز کی تنظیمی پالیسی کے تحت اس پر عمل پیرا ہوں۔

اس موقع پر ڈپٹی کنونیر وسیم اختر، کامران ٹیسوری اور سی او سی انچارج فرقان اطیب بھی موجود تھے۔

Best Car Accident Lawyer