شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کو قوم کے مفاد سے کوئی غرض نہیں۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ تحریک انصاف سیلاب متاثرین کی امداد کے ساتھ ملک میں حقیقی آزادی کی جنگ جاری رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ چند گھنٹوں میں اوورسیز پاکستانیوں کا سیلاب زدگان کیلئے ایک کال پر 5 ارب روپے کا چندہ دینا عمران خان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ قوم کو یقین ہے کہ عمران خان کے ذریعے امداد مستحقین اور حقداران تک پہنچے گی۔
سابق وزیر خارجہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس میں مکمل شفافیت ہوگی اور اس بات کا ثبوت ہے کہ نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر کی عوام عمران خان پر اعتماد کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے مد مقابل اس وقت ملک میں 13جماعتیں اکٹھی ہوئی ہیں، پی ڈی ایم پر مشتمل 13جماعتوں کی قیادت کی کرپشن کی داستانیں زدو عام ہیں۔
سابق وزیر خارجہ نے یہ بھی کہا کہ عوام ان پر اعتماد نہیں کرتے، کرپشن اور بددیانتی کی وجہ سے عوام ان سے متنفر ہو چکے ہیں۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پی پی، ن لیگ نے 11سو ارب روپے کی کرپشن کی، یہ وہ رقم ہے جو ملک میں اگر صحیح معنوں میں ملکی ترقی پر خرچ کی جاتی تو آج ملک کا نقشہ اور ہوتا۔
سابق وزیر خارجہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگر ڈیم بنانے پر توجہ دی جاتی تو اتنی تباہی نہ ہوتی، ماضی میں ان حکمرانوں نے قومی خزانہ لوٹ کر بیرون ملک جائیدادیں اور اکاؤنٹس بنائے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان چوروں اور لٹیروں کے خلاف جنگ کررہے ہیں، یہ جنگ اس وقت تک جاری رہے گی جب تک لٹیروں سے ایک ایک پائی وصول نہیں ہوتی۔
شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ قوم نے عمران خان کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا ہے، عوام نے عمران خان کے ساتھ کراچی سے لیکر خیبر تک جلسے اٹینڈ کئے اور جلسوں میں لاکھوں کی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔
ان کا کہنا تھا کہ بطور ایک سیاسی کارکن اس نتیجے پر پہنچا ہوں عوام نے عمران خان کے بیانیہ کو تسلیم کیا ہے، آئندہ جنرل الیکشن میں قوم عمران خان کو پھر ایک بار پھر ملک کا وزیراعظم دیکھنا چاہتے ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ این اے 157 کا ضمنی انتخاب 11ستمبر کو ہونے جا رہا ہے، این اے 157کے ضمنی الیکشن میں دو نظریوں کی جنگ ہے، ایک نظریہ عمران خان کا نظریہ دوسرا نظریہ 13جماعتوں پر مشتمل پی ڈی ایم اتحاد کا ہے۔
سابق وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ عمران خان ملکی بقاء اور پاکستان کی آنے والی نسلوں کی جنگ لڑ رہے ہیں جبکہ پی ڈی ایم کی قیادت ملکی مفادات کی بجائے ذاتیات کی جنگ لڑ رہی ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پی ڈی ایم مفادات کی سیاست کررہی ہے، پی ڈی ایم کو قوم کے مفاد سے کوئی غرض نہیں ، عوام ان کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کی غیور عوام نے 2018ء کے جنرل الیکشن میں بھی انہیں مسترد کیا، پنجاب کی 20 نشستوں کے ضمنی انتخاب میں بھی انہیں مسترد کیا جبکہ کراچی کی عوام نے بھی ایم کیو ایم کو عمران خان سے بے وفائی کا تحفہ پیش کیا۔
شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ انشاء اللہ 11ستمبر کو این اے 157 کی غیور عوام بلے پر ٹھپہ لگا کر پی ڈی ایم کی قیادت کو تحفہ پیش کریں گے۔
سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ این اے 157 میں تحریک انصاف کی فتح ملک میں آئندہ جنرل الیکشن کے نتائج کی راہ ہموار کرے گا، انشاء اللہ آئندہ ہونے والے انتخابات میں تحریک انصاف کو ملک بھر میں واضح اکثریت اور کامیابی ملے گی۔