حسن مرتضیٰ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کا آج بھی نعرہ ہے کہ جمہوریت بہترین انتقام ہے۔
تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری حسن مرتضیٰ سے یورپین یونین کے وفد کی ملاقات ہوئی ، وفد کی قیادت پولیٹیکل سیکرٹری یورپی یونین کر رہی تھی۔
ملاقات میں حسن مرتضیٰ نے کہا کہ یورپی یونین اپنی سفارشات سے ہمیں مطلع کرے، ہر قسم کے سیاسی حالات میں پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت اور جمہوری اداروں کیلیے کام کیا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پیپلز پارٹی کا آج بھی نعرہ ہے کہ جمہوریت بہترین انتقام ہے، خواتین کو سیاسی جماعتوں میں جنرل سیٹس پر 5فیصد نمائندگی دی گئی۔ پیپلز پارٹی کی خواتین نمائندگی کی بڑی مثال بے نظیر بھٹو،بیگم، نصرت بھٹو،ڈاکٹر نفیسہ شاہ ،شازیہ مری،شیری رحمن ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ چنیوٹ اور جھنگ جیسے پسماندہ علاقوں سے عابدہ حسین،غلام بی بی بھروانہ اور سلیم بی بی بھروانہ خواتین منتخب ہوتی چلی آرہی ہیں جبکہ پاکستان میں کئی جگہوں پر اب بھی خواتین ووٹ نہیں ڈال سکتیں۔
حسن مرتضیٰ کا یہ بھی کہنا تھا کہ خواتین ووٹرز کی رجسٹریشن میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام نے بنیادی کردار ادا کیا ہے، اسمبلیوں میں 33فیصد خواتین آنا چاہیں مگر انہیں ایک یا دو مرتبہ عام الیکشن لڑنے کی شرط پر لایا جائے، پارٹی خواتین کو اسمبلیوں میں با بار لانے کی حوصلہ شکنی کرنا ہوگی۔
پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری حسن مرتضیٰ ک مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی میں خواتین کی ممبر شپ باقی سیاسی جماعتوں سے زیادہ ہے، پارٹی کی مختلف کمیٹیوں میں خواتین کی نمائندگی 5سے 10فیصد ہے۔ خواتین امیدواروں کو رینکنگ کی بنیاد پر اسمبلیوں میں لایا جائے جبکہ خواتین کو پرفارمنس کی بنیاد پر نامزد کیا جائے۔
اس موقع پر پولیٹیکل سیکرٹری یورپی یونین نے کہا کہ انتخابی اصلاحات پر یورپین یونین مختلف سیاسی جماعتوں سے رابطے میں ہے، یورپین یونین پاکستان میں انتخابی اصلاحات میں بہتری چاہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سیاسی ماحول میں پیپلز پارٹی اور دیگر جماعتوں کو کن مشکلات کا سامنا ہے، پیپلز پارٹی انتخابی اصلاحات کے حوالے سے کیا سوچ رکھتی ہے۔
پولیٹیکل سیکرٹری یورپی یونین نے مزید کہا کہ یورپی یونین وفاقی اور صوبائی سطح پر انتخابی اصلاحات کی سفارشات کا خیر مقدم کریگی۔