حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی،وزارت خزانہ نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 12 روپے 63 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 224 روپے 80 پیسے ہوگئی ہے۔
نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 12 روپے 13 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے جس کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 235 روپے 30 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
نوٹیفیکیشن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 10 روپے 19 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے جس کے بعد مٹی کے تیل کی فی لیٹر قیمت 191 روپے 83 پیسے ہوگئی ہے۔
نوٹیفیکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 10 روپے 78 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے جس کے بعد لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت 186 روپے 50 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
پیٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس صفر برقرار رکھنے کا فیصلہ
حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس صفر برقرار رکھنے کا فیصلہ کرلیا ، پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی کی شرح میں ردوبدل کردیا گیا ہے۔
موجودہ حکومت نے آئی ایم ایف سے لیٹر آف انٹینٹ میں یکم اکتوبر سے پیٹرولیم مصنوعات پر 10.5 فیصد سیلز ٹیکس عائد کرنے پر اتفاق کیا تھا لیکن ملک میں سیلاب کی موجودہ صورتحال کے باعث اسحاق ڈار آئی ایم ایف سے ریلیف لینے میں کامیاب ہوگئے۔
حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس عائد نہیں کیا، پیٹرول پر پیٹرولیم لیوی کی شرح 32روپے 42 پیسے فی لیٹر عائد کی گئی ہے۔
پیٹرول پر لیوی میں 5 روپے کی کمی کی گئی اور ہائی اسپیڈ ڈیزل پر لیوی میں 5 روپے کا اضافہ کرتے ہوئے شرح 12 روپے 58 پیسے مقرر کردی گئے ہے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل پر لیوی 7 روپے 58 پیسے تھی۔
مٹی کے تیل پر پیٹرولیم لیوی کی شرح 15 روپے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل پر پیٹرول لیوی کی شرح 10 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
واضح رہے اس سے قبل وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ قیمتوں میں کمی کا فیصلہ وزیراعظم کی مشاورت سے کیا جبکہ پہلے کوارٹر میں 84 ارب روپے کے ری فنڈز دیئے گئے ہیں۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پیٹرول کی قیمت میں 12 روپے 63 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 224 روپے 80 پیسے فی لیٹر ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں12 روپے 13 پیسے کی کمی کی گئی ہے جس کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 235 روپے 30 پیسے فی لیٹر ہوگی۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 10 روپے 19 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے جس کے بعد مٹی کے تیل کی نئی قیمت 191 روپے 83 پیسے ہوگی۔
وزیر خزانہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 10 روپے 78 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے جس کے بعد لائیٹ ڈیزل کی نئی قیمت 186 روپے 50 پیسے ہوگی۔
اسحاق ڈار نے یہ بھی کہا کہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ایف بی آر نے محصولات 1635 ارب روپے کے اکھٹے کئے گئے جبکہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کا ہدف 1609 روپے کا تھا، ہدف سے 26 ارب روپے کے زیادہ محصولات جمع کئے گئے۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ گوشوارے جمع کرانے کیلئے سسٹم پر بہت لوڈ ہے، انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں 31 اکتوبر تک توسیع کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ سیلاب کے نقصانات اور کاروباری افراد کی درخواست پر توسیع کی گئی ہے، تمام لوگوں سے درخواست ہے کہ وہ اپنے ٹیکس گوشوارے جمع کرائیں۔