پہلا ٹیسٹ: پاکستان کا انگلینڈ کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ

پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ قومی ٹیم کے کپتان اظہر علی نے انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں ٹاس کا سکا اپنے حق میں پلٹتے دیکھ کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا ہے۔

اظہر علی نے کہا کہ ہم دو اسپنرز اور تین فاسٹ باؤلرز کے ساتھ میدان میں اتر رہے ہیں، شاداب خان کو بحیثیت آل راؤنڈ کھیل رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے سیریز کے لیے اچھی تیاری کی ہے، ہم سہولیات کی فراہمی پر انگلش کرکٹ کے شکر گزار ہیں اور سیریز میں اچھی کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم ہیں۔

انگلینڈ کے کپتان جو روٹ نے کہا کہ بین اسٹوکس مکمل فٹ نہیں ہیں اور انہیں کھلانا بڑا رسک ہے لیکن ان کے رنز ہمارے لیے بہت اہمیت کے حامل ہیں اور وہ ڈریسنگ روم کا اہم حصہ ہیں۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔

پاکستان: اظہر علی(کپتان)، شان مسعود، عابد علی، اسد شفیق، بابر اعظم، محمد رضوان، شاداب خان، یاسر شاہ، محمد عباس، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ۔

انگلینڈ: جو روٹ(کپتان)، ڈوم سبلی، رورے برنز، بین اسٹوکس، اولی پوپ، جوز بٹلر، کرس ووکس، ڈوم بیس، اسٹورٹ براڈ، جوفرا آرچر اور جیمز اینڈرسن۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کے باعث دنیا کی دیگر چیزوں کی طرح کھیلوں کی سرگرمیاں بھی تقریباً پانچ ماہ تک معطل رہیں اور کرکٹ کے میدان بھی سونے پڑے رہے۔

تاہم ویسٹ انڈیز نے اپنی ٹیم انگلینڈ بھیجنے کی حامی بھری جس کے بعد کرکٹ کی سرگرمیاں بحال ہوئیں اور انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیاب تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلی گئی،

پاکستان کی ٹیم بھی مارچ میں پاکستان سپر لیگ لے التوا کے بعد سے کوئی سیریز نہ کھیل سکی لیکن انگلینڈ نے دورے کے لیے گرین شھگنل دے کر پاکستان کی سیریز کی سرگرمیاں بحال کیں اور قومی ٹیم اب انگلینڈ میں تین ٹیسٹ اور ٹی20 میچوں کی سیریز کھیلے گی۔