وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پوری کوشش ہے سیلاب متاثرین کو ہر ممکن ریلیف فراہم کریں۔
وزیراعلیٰ مراد علی شاہ اور وفاقی وزیر شازیہ مری نے سانگھڑ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں گزشتہ 3 روز میں ریکارڈ بارشیں ہوئیں۔
‘انتظامیہ کو پیسے دینا ہماری ذمہ داری ہے’
مراد علی شاہ نے کہا کہ انتظامیہ کو پیسے دینا ہماری ذمہ داری ہے، تمام جگہوں پر ریلیف کیمپ قائم کیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ میں نے لوگوں سے ملاقاتیں کی ہیں، جہاں کوتاہی ہوگی اسے سزا ملے گی، ہم سندھ کے لوگوں کے ساتھ ہیں، مسائل حل کرینگے،وسائل فراہم کرنا میرا اور لوگوں کی مدد کرنا انتظامیہ کا کام ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پوری کوشش ہے لوگوں کے گھروں سے پانی نکالا جائے، ڈپٹی کمشنر کو کہا ہے ضلع کے ہر شخص کو کھانا فراہم کرنا انکی ذمہ داری ہے، پوری کوشش ہے متاثرین کو ہر ممکن ریلیف فراہم کریں۔
شازیہ مری کی میڈیا سے گفتگو
دوسری جانب وفاقی وزیر شازیہ مری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق متاثرہ خاندان کو 25ہزاردیئے جائیں گے۔
‘آفت زدہ علاقوں میں ڈیٹا کی بنیاد پر مدد کرینگے’
انہوں نے کہا کہ این ڈی ایم اے رقم بی آئی ایس پی کو دے گا اور بی آئی ایس پی متاثرہ خاندان کو رقم دے گا۔
شازیہ مری نے کہا کہ ڈیٹا بیس پر نشاندہی کے بعد متاثرین کو مدد فراہم کرینگے، آفت زدہ علاقوں میں ڈیٹا کی بنیاد پر مدد کریں گے، متاثرین کی بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام سے مدد کریں گے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ آصف زرداری نے اپنی دور صدارت کے دوران سیلاب کا خود معائنہ کیا، اس وقت ہماری حکومت نے پاکستان کارڈ اور وطن کارڈ جاری کیے، وزیراعلیٰ نے واضح طور پر کہا کہ ہر شخص کو کھانا فراہم کیا جائے گا۔