پاکستان اور بھارت میں ٹیسٹ کرکٹ قصہ پارینہ بن گئی جب کہ اگلی چیمپئن شپ میں بھی روایتی حریفوں کے درمیان کوئی سیریز نہیں ہوگی۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹیسٹ چیمپئن شپ کے اگلے دورانیے کی تفصیل جاری کردی جس میں پوائنٹس سسٹم کے ساتھ ٹیموں کے ہوم اینڈ اوے حریفوں کی تفصیلات بھی شامل ہیں، ایک بار پھر پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا کوئی نام و نشان نہیں ہے۔
پہلے ایڈیشن میں بھی شائقین بھارتی ہٹ دھرمی کی وجہ سے روایتی حریفوں کے درمیان سنسنی خیز مقابلوں کو ترستے رہے تھے۔ نئے دورانیے میں پاکستان ٹیم آسٹریلیا، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی میزبانی کرے گی جبکہ سری لنکا، بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز سے اوے سیریز کھیلے گی۔
چیمپئن شپ میں شریک تمام 9 ٹیمیں 2 برس کے دوران 6 سیریز کھیلیں گی،ان میں سے 3 ہوم اور اتنی ہی اوے بنیاد پر کھیلی جائیں گی، اس بار ٹاپ 2 ٹیموں کے انتخاب کی کٹ آف ڈیٹ 31 مارچ 2023 ہوگی۔
نئے دورانیے کیلیے پوائنٹس سسٹم میں بھی تبدیلی کی گئی ہے، گذشتہ ایڈیشن کی طرح سیریز کے 120 پوائنٹس کے بجائے اب ہر میچ میں فتح پر 12، ڈرا ہونے پر 4 اور مقابلہ ٹائی ہونے پر 6 پوائنٹس ملیں گے۔
آئی سی سی کے قائم مقام چیف ایگزیکٹیو جیف ایلرڈائس نے کہاکہ ہمیں گذشتہ ایڈیشن سے جو فیڈ بیک ملا اس کے تحت پوائنٹس سسٹم کو آسان بنانے کی ضرورت تھی، کرکٹ کمیٹی نے اس معاملے کا جائزہ لیا اور پوائنٹس سسٹم کو مزید سادہ بنایا،اب ہر میچ میں فتح کی بنیاد پر پوائنٹس ملیں گے چاہے جتنے بھی میچز کی سیریز کھیلی جائے۔
یاد رہے کہ نئے دورانیے میں بھی خود ساختہ بگ تھری انگلینڈ، بھارت اور آسٹریلیا ہی 3 سے زائد میچز کی سیریز کھیلیں گے،باقی ٹیموں کی زیادہ تر 2، 2 میچز کی سیریز شیڈول ہیں،اس میں سے چند ہی 3 میچز پر مشتمل ہوں گی، بنگلہ دیش واحد ٹیم ہے جس کی اگلے دورانیے میں تمام 6 سیریز 2، 2 میچز پر مشتمل ہیں۔