پاکستان میں کورونا صورتحال میں بہتری، 2 لاکھ 86 ہزار سے زائد مریض صحتیاب

دنیا بھر میں 2 کروڑ 70 لاکھ افراد کو متاثر اور 8 لاکھ 90 ہزار سے زائد اموات کا سبب بننے والے مہلک نوول کورونا وائرس کی پاکستان میں صورتحال دیگر ممالک کے مقابلے میں بہتر ہورہی ہے۔ ہر گزرتے دن کے ساتھ ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال بہتری کی جانب بڑھ رہی ہے اور اب تک 2 لاکھ 99 ہزار 233 کیسز میں سے 2 لاکھ 86 ہزار 157 صحتیاب ہوگئے ہیں۔

ملک میں اس عالمی وبا کی وجہ سے 6 ہزار 350 افراد ایسے بھی ہیں جو انقال کرگئے ہیں۔ آج 8 ستمبر کی صبح تک اس عالمی وبا کے مزید 127 کیسز اور 2 اموات کی تصدیق ہوئی جبکہ 141 مریض وائرس سے شفایاب بھی ہوگئے۔ خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا جس کے بعد یہ وبا پورے ملک میں پھیل گئی۔

ابتدا میں اس وبا کے کیسز کی تعداد کم رہی اور مارچ کے آخر تک 2 ہزار کے قریب لوگ متاثر ہوئے تاہم اپریل میں کیسز کی تعداد میں اضافہ ہونا شروع ہوا اور مئی میں کیسز اچانک بڑھ گئے۔ تاہم جون میں ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال مکمل تبدیل ہوگئی اور یومیہ کیسز 6 ہزار اور اموات 100 سے تجاوز کرگئیں، اس کے ساتھ ہی ہسپتالوں میں بستروں کی کمی کی شکایات بھی موصول ہونے لگیں۔

بعد ازاں جولائی میں کیسز کی تعداد میں کمی آنا شروع ہوئی اور اگست میں کیسز کی تعداد کافی حد تک کم ہوکر ہزاروں سے سیکڑوں میں آگئیں جبکہ اموات بھی اوسطاً درجن بھر تک پہنچ گئیں۔

علاوہ ازیں ستمبر میں بھی صورتحال بہتر ہورہی ہے اور آج 8 ستمبر کو ملک میں صورتحال کچھ اس طرح ہے۔ ملک میں آبادی کے حساب سے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 80 مریض اور ایک موت کی تصدیق ہوئی۔ سرکاری سطح پر اعداد و شمار کے لیے قائم پورٹل کے مطابق صوبے میں 80 نئے مریضوں نے کیسز کی مجموعی تعداد کو 97 ہزار 306 تک پہنچا دیا۔

اس کے علاوہ ایک اور فرد کے انتقال کرجانے سے اموات کی مجموعی تعداد 2 ہزار 211 ہوگئی۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے 12 نئے مریض سامنے آگئے جبکہ ایک اور فرد انتقال کرگیا۔ اعداد و شمار کے مطابق دارالحکومت میں 12 نئے مریضوں کے بعد کیسز کی تعداد 15 ہزار 762 ہوگئی۔ اسی طرح ایک اور فرد کے موت سے اموات کی تعداد 177 تک جاپہنچی۔

گلگت بلتستان میں اس عالمی وبا کورونا وائرس کے مزید 33 مریض سامنے آگئے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں سامنے آئے مریضوں کی تعداد 33 تھی، یوں وہاں مجموعی کیسز 3 ہزار 41 ہوگئے۔

ملک کے سب سے کم متاثر علاقے آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کے 2 نئے مریضوں کی تشخیص ہوئی۔ سرکاری پورٹل کے مطابق 2 نئے مریضوں کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 2 ہزار 333 تک پہنچ گئی۔

پاکستان میں صحتیاب افراد کی تعداد میں بھی اضافہ ہورہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 141 مریض شفا پاگئے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان مریضوں کے شفا پانے کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 2 لاکھ 86 ہزار 157 ہوگئی جو مجموعی کیسز کا تقریباً 96 فیصد ہے۔