آرمی چیف نے داسو بس حادثے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں کام کرنے والے چینی شہریوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ان خیالات کا اظہار آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے چینی سفیر سے ملاقات کے دوران کیا، اس موقع پر انہوں نے داسو بس حادثے اور چینی شہریوں کی ہلاکت پر اظہار افسوس بھی کیا اور چینی حکومت اور عوام سے واقعے پر دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج اپنے دوستانہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتی ہے اسی لیے پاکستان میں کام کرنے والے چینی شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ امن کےلیے کام کرتے ہوئے ہمیں دشمن کے عزائم ناکام بنانے ہوں گے، پاک چین اسٹراٹیجک تعاون میں خطرہ بننے والی سازشیں بھی ناکام بنانا ہوں گی۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں کی جانب سے خطے میں امن و استحکام کےلیے رابطوں اور تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔