پاکستان میں بچوں میں ذہنی و جسمانی کمزوری کا تناسب تقریباً 40 فیصد ہے ، صدر مملکت

صدر مملکت نے کہا ہے کہ پاکستان میں بچوں میں ذہنی و جسمانی کمزوری کا تناسب تقریباً 40 فیصد ہے۔

تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے چھاتی کے کینسر سے متعلق آگاہی مہم کے حوالے سے صاحب ِاثر سوشل میڈیا شخصیات  کی ملاقات ہوئی ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے چھاتی کے کینسر کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا ہوگی ، صاحب اثر سوشل میڈیا شخصیات کینسر کی بروقت تشخیص کیلئے باقاعدگی سے جسمانی معائنہ کرنے کی اہمیت کو اجاگر کریں۔

ڈاکٹر عارف علوی نے یہ بھی کہا کہ سوشل میڈیا آگاہی پیدا کرنے اور بریسٹ کینسر کی وجہ سے شرح ِاموات کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چھاتی کے کینسر کی ابتدائی مرحلے میں تشخیص سے 99 فیصد مریضوں کو بچایا جا سکتا ہے ، چھاتی کے کینسر کے واقعات دوسرے خطوں کے مقابلے میں جنوبی ایشیا میں سب سے زیادہ ہیں۔

صدر مملکت کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان میں چھاتی کے کینسر کے تمام مریضوں کو کلینیکل اسکریننگ کی سہولیات فراہم کرنے کے وسائل نہیں ، خواتین باقاعدگی سے اپنا جسمانی معائنہ کریں ، سینے یا اس کے اطراف میں گلٹی کی صورت میں فوراً ڈاکٹر سے رجوع کریں جبکہ صحت مند طرز زندگی اپنا کر بریسٹ کینسر کے واقعات کو کم کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بریسٹ کینسر سے بچنے کیلئے سبزیوں اور پھلوں سمیت متوازن غذا کا استعمال کرنا چاہیے جبکہ سگریٹ یا شراب نوشی اور دیگر منشیات سے پرہیز کریں اور باقاعدگی سے ورزش کریں۔

ڈاکٹر عارف علوی کا یہ بھی کہنا تھا کہ خواتین کو مالی اور اقتصادی لحاظ سے بااختیار بنانے ، معاشرے اور عوامی مقامات کو محفوظ بنانے کی ضرورت ہے ، ہراسگی سے پاک ماحول خواتین کو ملکی سماجی اقتصادی ترقی میں  اپنا کردار ادا کرنے میں مدد دے گا۔

انہوں نے کہا کہ بااثر سوشل میڈیا شخصیات چھوٹے شہروں اور دیہی علاقوں میں  چھاتی کے کینسر سے متعلق آگاہی پھیلانے کے لیے تخلیقی ذرائع استعمال کریں۔

صدر مملکت نے یہ بھی کہا کہ اسلامی تعلیمات کے مطابق خواتین اپنے بچوں کو کم از کم دو سال تک دودھ پلائیں ، عالمی ادارہ صحت کے مطابق ابتدائی چھ ماہ کے دوران بچوں کو پانی یا دیگر خوراک تک نہیں دینی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بچوں میں ذہنی و جسمانی کمزوری کا تناسب تقریباً 40 فیصد ہے ، ذہنی و جسمانی کمزوری سے بچاؤ کیلئے پہلے ہزار دنوں کے دوران ماں اور بچوں کیلئے مناسب غذائیت ضروری ہے۔

 ڈاکٹر عارف علوی کا یہ بھی کہنا تھا کہ سوشل میڈیا بیگم ثمینہ علوی کی چھاتی کے کینسر سے متعلق آگاہی پیدا کرنے کی کوششوں کا ساتھ دے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا مزید کہنا تھا کہ بیگم ثمینہ علوی کی کوششوں سے ابتدائی مراحل میں چھاتی کے کینسر کے کیسز کی رپورٹنگ کی شرح میں 10 فیصد اضافہ ہوا ہے، جلد تشخیص سے صحت عامہ کے نظام پر بوجھ کم ہوگا اور مہنگے علاج سے بچنے میں مدد ملے گی۔

بیگم ثمینہ عارف علوی نے بھی سوشل میڈیا شخصیات سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چھاتی کے کینسر کے واقعات پر قابو پانے اور کم کرنے کا واحد طریقہ جلد تشخیص ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ چھاتی کے سرطان سے متعلق آگاہی مہم میں شراکت دار بننے کے لیے وزیر اعظم، ایم این ایز، ایم پی اے، میڈیا اور ملک بھر کے تمام چیمبرز آف کامرس کو خطوط بھیجے گئے ، چھاتی کے کینسر کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کیلئے ایک جامع اور مربوط لائحہ عمل تیار کیا گیا ہے۔

Best Car Accident Lawyer