یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان معاشی استحکام کی طرف گامزن ہے۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صدر عارف علوی کا بیان کہ سائفر کو سازش نہیں سمجھتا عمران خان کے بیانیہ کو زمین بوس کردیا ہے، الیکشن کمیشن کی طرف سے ضمنی انتخابات کو ملتوی نہ کرنے کے فیصلے کو خوش آئند کہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈالر، پٹرولیم مصنوعات اور گھی سمیت دیگر اشیاء کی قیمتوں میں کمی کی وجہ سے پاکستان معاشی استحکام کی طرف گامزن ہے۔
یوسف رضا گیلانی نے یہ بھی کہا کہ مشکلات میں پھنسے سیلاب زدگان کی امداد کے لئے قومی و بین الاقوامی سطح پر پی ڈی ایم حکومت کی کوششیں جاری ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان پاکستان میں افراتفری و معاشی عدم استحکام پھیلانے کے لئے لوگوں سے حلف لیتے پھر رہے ہیں جبکہ عمران خان پاکستان میں سیاسی انتشار پیدا کرنا چاہتے ہیں۔
یوسف رضا گیلانی کا یہ بھی کہنا تھا کہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں نے اپنی سیاست کو داؤ پر لگا کر پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا جبکہ عمران خان نے جھوٹ کی بنیاد پر اداروں پر رقیق حملے اور ٹرینڈز چلوائے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے عالمی ڈونرز کو سیلاب زدگان کی امداد سے روکنے کی مذموم کوششیں کیں اور عوام میں سیاسی انتہا پسندی اور نفرت پھیلائی جبکہ ان کی تمام سازشوں کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
یوسف رضا گیلانی نے یہ بھی کہا کہ عوام کے سامنے سب کچھ بے نقاب ہو چکا ہے، ہمارے عملی اقدامات کو ہمیشہ عوام نے سراہا ہے، ملتان سمیت اس خطے کے لئے جتنے ترقیاتی منصوبے ہم لیکر آئے اس کا یہ موازنہ ہی نہیں کرسکتے۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا کہ موسیٰ گیلانی اب بھی قومی اسمبلی میں جاکر این اے 157 اور ملتان کے لئے میگا پراجیکٹس لائیں گے،16 اکتوبر علی موسیٰ گیلانی کی جیت اور سازشیں کرنے والوں کی شکست کا دن ثابت ہوگا جبکہ تحریک انصاف کو تو یہ بھی کلیئر نہیں کہ الیکشن لڑ کیوں رہے ہیں۔