پاکستان سپر لیگ 2020 کے بقیہ چاروں میچز کے انعقاد کیلئے تاریخوں کا اعلان

پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے کورونا وائرس کے سبب ملتوی ہونے والے پاکستان سپر لیگ 2020 کے میچز کے نئے شیڈول کا اعلان کردیا ہے۔

کورونا وائرس کے سبب 17مارچ کو پاکستان سپر لیگ کو غیرمعینہ مدت تک کے لیے ملتوی کردیا گیا تھا اور اس وقت پلے آف میچز کا انعقاد ہونا باقی تھا۔

عالمی سطح پر وبا کے پھیلاؤ کے سبب لیگ کے انعقاد کا فیصلہ نہیں کیا جا سکا لیکن بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی اور وائرس کے تناظر میں قومی ٹیم کے کامیاب دورہ انگلینڈ کے بعد پی سی بی نے لیگ کے بقیہ میچز کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔

اس کے بعد 15 نومبر کو دوسرا ایلیمنیٹر منعقد ہو گا جبکہ فائنل میچ 17نومبر کو کھیلا جائے گا۔

بورڈ نے بتایا کہ ایونٹ کی تاریخوں کو چاروں ٹیموں ملتان سلطانز، کراچی کنگز، لاہور قلندرز اور پشاور زلمی سے مشاورت کے بعد حتمی شکل دی گئی ہے اور میچز کے وقت کی تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گے۔

کورونا وائرس کے سبب لیگ کے چاروں میچز لووڈ پروٹوکولز کے تحت کھیلے جائیں گے جس میں تمام کھلاڑی، میچز آفیشلز اور متعلقہ اسٹاف بائیو سیکیور ماحول میں رہے گا۔

پی سی بی کے مطابق ابھی چاروں میچز بند دروازوں میں شائقین کے بغیر کھیلے جانے کا امکان ہے لیکن اس بارے مں حتمی فیصلہ اکتوبر میں کیا جائے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے میچز کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ پی سی بی ابتدا سے ہی میچز کے انعقد کے لیے پرعزم تھا کیونکہ بورڈ کے خیال میں اس طرح کے ایونٹ کے فاتح ضرور سامنے آنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ لیگ کے بقیہ میچوں کا انعقاد اس بات کی بھی تائید ہے کہ پاکستان کورونا وائرس کی وبا پر قابو پانے میں کامیاب ہو گیا ہے اور دیگر کھیلوں کی طرح کرکٹ کے نئے ڈومیسٹک سیزن بھی جلد آغاز ہو رہا ہے اور ڈومیٹک میچوں کا کامیاب انعقاد آئندہ سال فروری مارچ میں پاکستان سپر لیگ 2021 کے انعقاد میں معاون ثابت ہو گا۔

واضح رہے کہ لیگ کے بقیہ چار میچوں میں جن چار ٹیموں کا مقابلہ ہو گا ان میں سے صرف پشاور زلمی کی ٹیم پہلے چیمپیئن بننے کا اعزاز رکھتی ہیں جبکہ کراچی کنگز، لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کی ٹیمیں آج تک یہ اعزاز حاصل نہ کر سکی۔

14 نومبر کو کوالیفائر میچ ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کے درمیان کھیلا جائے گا اور اسی دن پہلے ایلی منیٹر میں لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔

15 نومبر کو دوسرے ایلیمنیٹر میں کوالیفائر ہارنے والی ٹیم کا پہلے ایلیمنیٹر کی فاتح ٹیم سے مقابلہ ہو جبکہ لیگ کا فائنل 17 نومبر کو منعقد ہو گا۔

لیگ کے پوائنٹس ٹیبل پر ملتان سلطانز کی ٹیم 14پوائنٹس کی ٹیمیں سرفہرست ہیں جبکہ کراچی کنگز 11 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور لاہور قلندرز 10پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔

سابق چیمپیئن پشاور زلمی اور دفاعی چیمپیئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے یکساں 9پوائنٹس تھے لیکن بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر زلمی فائنل فور میں جگہ بنانے میں کامیاب رہی۔

دو مرتبہ کی چیمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ 7 پوائنٹس کے ساتھ آخری نمبر پر رہی۔

لیگ کی فاتح ٹیم کو 5لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم دی جائے گی جبکہ رنر اپ کو 2لاکھ امریکی ڈالرز ملیں گے۔